عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ نے کل ایک میٹنگ میں سری نگر سمارٹ سٹی منصوبوں کی طبعی و مالی صورتحال کا جائزہ لیا۔کمشنر ایس ایم سی نے ایس ایس سی ایل کے ذریعے پورے شہر میں کئے گئے ترقیاتی اور خوبصورتی کے تحفظ کے بارے میں ایک تفصیلی پاورپوائنٹ پرزنٹیشن دِی جس میں جہلم واٹر فرنٹ ڈیولپمنٹ اور واٹر ٹرانسپورٹ، اَربن ریجوی نیشن اور لیک فرنٹ ڈیولپمنٹ ، ورثے کے تحفظ اور پرانے شہر کی تجدید، سینٹرل ڈِسٹرکٹ اَپ گریڈیشن ،اربن موبیلٹی ، سڑکوں اور چوراہوں کی ترقی، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، شہر کی خوبصورتی اور شہری آرٹ، سرسبز و دیرپا سری نگر شامل ہیں۔ بتایا گیا کہ 161 منظور شدہ منصوبوں میں سے 153 مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی 8 منصوبوں پر کام جاری ہے۔صوبائی کمشنر کشمیر نے اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمارٹ سٹی منصوبوں کا مقصد عوامی خدمات کو بہتر بنانا ہے اور اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ تمام منصوبہ بند خدمات وقت پر فراہم کی جائیں۔اُنہوں نے اِس بات کو اُجاگر کیا کہ وقت کے ساتھ ساتھ سمارٹ سٹی منصوبوں کی ڈیڈلائن بھی قریب آ رہی ہے، لہٰذا ، عمل آوری ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ کاموں میں تیزی لائیں تاکہ مقررہ مدت میں مکمل ہو سکیں۔صوبائی کمشنر کشمیر نے مقررہ اہداف کو بروقت حاصل کرنے کے لئے افسران پر زور دیا کہ وہ ادارہ جاتی رکاوٹوں کی نشاندہی کریں تاکہ ان کا جلد از جلد حل نکالا جا سکے اور منصوبوں کی روانی سے تکمیل ممکن ہو۔انشل گرگ نے اِی ۔ بسوںکے لئے بس سٹاپوں کی تعمیر کے حوالے سے ایس ایس سی ایل کو ہدایت دی کہ وہ بند بس سٹاپوںکی تعمیر کے لئے سردیوں کے موسم کو مدِنظر رکھیں۔اُنہوں نے آئی ٹی ایم ایس کیمروں اور آئی سی سی سی کی آئی ٹی سے متعلقہ خدمات کو مکمل طور پر فعال بنانے کی بھی ہدایت دی۔