جموں// چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے سرینگر اور جموں شہروں کے گرد و نواح میں4 گلیاروں والے رِنگ روڈ کی تعمیر کے لئے حصول اراضی کے عمل کا جائیزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری، ڈویثرنل کمشنر جموں، ڈائریکٹر این ایچ اے ون، ڈپٹی کمشنر جموں اور دیگر سنیئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ ڈویثرنل کمشنر کشمیر، سرینگر، بڈگام، بارہ مولہ،پلوامہ، بانڈی پورہ، گاندر بل اور سانبہ کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔ اس موقعہ پر تمام اضلاع میں حصول اراضی کے عمل پر ہورہی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ چیف سیکرٹڑی نے ہدایت دی کہ اُن اضلاع جہاں حتمی ایوارڈ جاری کئے گئے ہیں وہاں 25 دسمبر2017 تک معاوضے کی رقم ادا کی جانی چاہئے اور سرکاری اراضی بھی فوری طور سے این ایچ اے ون کو سونپی جانی چاہئے۔انہیں جانکاری دی گئی کہ سرینگر شہر کے رِنگ روڈ پروجیکٹ کے لئے278 ہیکٹر اراضی درکار ہے جو بڈگام، بارہ مولہ، بانڈی پورہ، گاندر بل، پلوامہ اور سرینگر اضلاع میں محیط ہے جبکہ جموں شہر کے رنگ روڈ کے لئے342 ہیکٹرز اراضی کی ضرورت ہے جو جموں اور سانبہ اضلاع میں پڑتا ہے۔چیف سیکرٹڑی نے بڈگام، بارہ مولہ، بانڈی پورہ، گاندر بل اور سرینگر کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ حصول اراضی کا کام31 دسمبر2017 تک مکمل کریں۔اس اہم پروجیکٹ کی پیش رفت کا اس ماہ کے آخر پر پھر سے جائیزہ لیا جائے گا۔