سرینگر/سرینگر ۔جموں شاہراہ پر ایک بھاری زمینی تودہ گر آنے کے نتیجے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والی ایک ٹرک میں سوار تین افراد کے زندہ دفن ہونے کا خدشہ ہے۔
حکام نے کہا کہ تین افراد ٹرک میں سوار تھے جب وہ رامبن ضلع میں واقع بیٹری چشمہ کے نزدیک ایک بھاری زمینی تودے کی زد میں آگئی۔یہ واقع گذشتہ سوموار کو پیش آیا جبکہ بدھوار کو بچائو کارروائی اُس وقت شروع کی گئی جب لاپتہ افراد کے لواحقین نے حکام کے ساتھ رابطہ قائم کیا اور یہ خدشہ ظاہر کیا کہ اُن کے اقرباء تودے کے نیچے آگئے ہونگے۔
ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرس اصغر ملک نے کہا کہ کل لاپتہ افراد کے بارے میں کوئی سراغ نہیں ملا جس کے بعد آج صبح ایک بار پھر تلاشی کارروائی جاری ہے۔
''ابھی تک تینوں کا کوئی سراغ ہاتھ نہیں لگا ہے۔ یہ ایک بھاری زمینی تودہ تھا اور اس نے بھاری ملبہ پیچھے چھوڑا ہے''، ڈی ایس پی نے کہا۔
اطلاعات کے مطابق تینوں لاپتہ افراد نے آخری بار قاضی گنڈ سے اپنے گھروالوں کو سوموار کے روزفون کیا تھا۔انہوں نے اُمید ظاہر کی تھی کہ وہ اُسی روز شام تک جموں پہنچ جائیں گے۔ تینوں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اُن کا سراغ رامسو تک ہی ملا ہے۔