بانہال//ٹرک ڈرائیور کی مبینہ مار پیٹ کے خلاف سرینگر ،جموں شاہراہ پر ٹرک ڈرائیوروں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور دھرنا دیا جسکے نتیجے میں شاہراہ پر گھنٹوں ٹریفک کی نقل و حرکت میں خلل پڑا ۔ سرینگر ،جموں شاہراہ پر جمعرات کو اُس وقت ٹریفک کی نقل و حرکت میں گھنٹوں خلل پڑا جب ٹرک ڈرائیوروں نے شاہراہ پر ساتھی ڈرائیور کی مبینہ طور فورسز کے ہاتھوں مارپیٹ کے خلاف احتجاجی دھر نا دیا ۔ سو نو کمار نامی ٹرک ڈرائیور نے اپنی گاڑی زیر نمبرHR56A051کو سرینگر ،جموں شاہراہ پر بانہال کے نزدیک پارک کیا ۔پولیس اہلکاروں نے اُسکی مارپیٹ کی اور الزام عائد کیا کہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت روک دی ۔تاہم ڈرائیو روں کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے اُسے چیک پوسٹ کے قریب اُس وقت روکا جب وہ سرینگر سے بعد دوپہر جموں کی طرف جارہا تھا ۔مذکورہ ڈرائیور کا کہنا ہے کہ اُسکے اور پولیس اہلکاروں کے درمیان اضافی رقم چارج کرنے پر تو تو میں میں ہوئی ،جس دوران انہوں نے اُس کی مارپیٹ کی ۔ٹرک ڈرائیور نے الزام لگایا کہ اہلکاروں نے اُس کی گاڑی کے کاغذات اور 14ہزار نقدی لی ۔ اس کے بعد ٹرک ڈرائیور نے بطور احتجاج شاہراہ کے بیچوں وبیچ اپنی ٹرک کو کھڑا کرکے ٹریفک کی نقل وحرکت رو ک دی ۔ ٹرک ڈرائیور کے احتجاج کے نتیجے میں شاہراہ پر قریب دو گھنٹے تک ٹریفک کی نقل و حرکت تھم گئی ،جسکی وجہ سے شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔بعد میں پولیس کے اعلیٰ افسران کی مداخلت کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ۔(کے این ایس)