بانہال // ہلکی ہلکی بارشوں اور ٹریفک جام کے باوجود سرینگر جموں شاہراہ بدھ کو جہاں ٹریفک کیلئے کھلی رہی وہیں تیسرے روز بھی رام بن اور بانہال کے درمیان شدیدٹریفک جام دیکھنے کو ملا ۔ صبح دس بجے سے شاہراہ کے مختلف مقامات پرٹریفک جام وقفے وقفے سے جاری تھا۔ وادی کشمیر سے جموں کی طرف یکطرفہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی تاہم پچھلے کئی روز کی طرح بدھ کو بھی سات گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا اور بانہال رام بن کے درمیان 37 کلومیٹروں کا سفر طے کرنے میں مال اور مسافر بردار گاڑیوں کو چار سے پانچ گھنٹے کا وقت لگا۔ شیر بی بی،قصبہ بانہال ، بانہال ریلوے کراسنگ اور نوگام کے درمیان ٹریفک کی لمبی لمبی قطاریں صبح سے ہی جاری تھیں۔اس دوران سڑک کی خراب حالت کے بیچ ایک گاڑی خراب ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام مزید شدت اختیار کر گیا اور مسافر اور مال گاڑیاں مسلسل کئی کئی گھنٹوں تک پھنسی رہیں۔