سرینگر //سرینگر بارہمولہ اوڑی 120کلو میٹر شاہراہ کو محکمہ بیکن کی سست رفتاری کی وجہ سے چار گلیاری بنانے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑا ہوا ہے۔شاہراہ کو کشادہ بنانے کے حوالے سے محکمہ بیکن نے 2012.13میں فیزی بلیٹی رپورٹ تیار کی تھی اور شاہراہ کو چار گلیاری بنانے کیلئے ڈی پی آر بھی مکمل کر کے اُس پر کام شروع کیا گیا تھا تاہم 7برسوں میں صرف 7کلو میٹر سڑک کو ہی چار گلیاری بنانے میں محکمہ بیکن کامیاب ہوا ہے اور 113کلو میٹر سڑک ابھی بھی تعمیر کی منتظر ہے۔ سڑک پر کام نہ ہونے کے سبب یہ تنگ سڑک نہ صرف ٹریفک جام کا موجب بن رہی ہے بلکہ اِس پر چلنے والے مسافروں کو بھی انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔معلوم رہے کہ اس وقت صرف تین اضلاع بارہمولہ ، کپوارہ ، اور بانڈی پورہ میں چھوٹی بڑی گاڑیوں کی کل تعداد 1,02,733لاکھ ہے ان میں بارہمولہ میں 70,721کپوارہ میں 19,995اور بانڈی پورہ میں 12,017گاڑیاں ہیں ۔اس کے علاوہ سرینگر اور دیگر اضلاع سے بھی سینکڑوں گاڑیاں اس شاہراہ پر سفر کرتی ہیں مگر اس کے باوجود بھی سڑ ک کو چار گلیاری بنانے کا منصوبہ کہیں نظر نہیں آرہا ہے اورشاہراہ پر جگہ جگہ ٹریفک جام لگا رہتا ہے۔ کشمیر عظمیٰ کو معلوم ہوا ہے کہ سال2007میں اس سڑک کو چار گلیاری بنانے کیلئے منظوری ملی تھی اور محکمہ بیکن نے سال2012.13میں اس کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کی اور اس پر کام شروع کیا ۔ 7برسوں میں صرف شالہ ٹینگ سے ناربل کراسنگ تک 7کلو میٹر سڑک کو ہی فور لین بنایا گیا ہے اور یہاں سے بارہمولہ تک شاہراہ کو چار گلیاری بنانے کا منصوبہ ٹھپ پڑا ہے۔حتی کہ شاہراہ کو کشادہ کرنے کی بھی کوئی کوشش نہیں کی گئی ہے۔ شالہ ٹینگ سے ایچ ایم ٹی تک فور لین کا جو کام محکمہ بیکن نے مکمل کر دیا ہے وہ 80ہزار کروڑ پیکیج میںسے ہوا ہے کیونکہ ریاستی سرکار نے اہم شاہرائوں کی مرمت کیلئے 80 ہزارکروڑ میں سے 33,250 کروڑروپے سڑکوں کی کشادگی کیلئے رکھے تھے مگر سڑک کو کشادہ بنانے کا کا م کہیں دکھائی نہیں دے رہا ہے۔بیکن حکام کا کہنا ہے کہ سڑک کے مختلف حصوں پر زمین کے حصول ، مساوی طور پرمعاوضہ اور مذہبی ڈھانچوںکی موجودگی سے دقتیں پیش آرہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کام میں رکاوٹیں آرہی ہیں ۔ کشمیر عظمیٰ نے جب محکمہ کے چیف انجینئر سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے فون اٹھا کر کوئی جواب نہیں دیا جبکہ محکمہ آر اینڈ بی کے چیف انجینئر سمی عارف نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پارمپورہ سے قمرواری سڑک کی دیکھ ریکھ کا کام اُن کے ذمہ ہے لیکن بارہمولہ تک کی سڑک بیکن کے ذمہ ہے۔