سرینگر//سرینگر اور ماگام میں طلباء نے پھر سڑکوں پر آکر احتجاج کیا جبکہ شدید جھڑپوںمیںایک پولیس افسر اور 3 صحافیوں سمیت9افراد زخمی ہوئے۔ خشت باری کی وجہ سے ایس پی کالج اور زنانہ کالج سرینگر میں طلاب کے امتحانات بھی متاثر ہوئے ۔ انتظامیہ کی طرف سے پیر کو ایس پی ہائر اسکینڈری اسکول میں تدریسی سرگرمیوں کو ٹھپ کرنے کے باوجود بھی احتجاجی طلاب نے مظاہرے کئے اور سنگبازی کے مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔ پیر کو ایس پی ہائر اسکینڈری اسکول کے احاطے میں طلاب جمع ہوئے اور جلوس برآمد کیا ۔اس دوران جب انہوں نے مولانا آزاد روڑ پر پیش قدمی کرنے کی کوشش کی تو وہاں پر پہلے سے موجود پولیس اہلکاروں نے کارروائی عمل میں لائی اور انکی پیش قدمی کو ناکام بنا کر احتجاجی طالب علموں کو ہائر اسکینڈری سکول میں واپس دھکیل دیا۔ اس موقعہ پر احتجاجی طلباء نے پولیس پر سنگباری کی۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شلنگ کی۔طرفین میں جھڑپوں کی وجہ سے کالج اور ہائر اسکینڈری میں افراتفری اور تنائو کا ماحول پیدا ہوا ۔ اس موقعہ پر کچھ طلاب زنانہ کالج مولاناآزاد روڑ میں بھی داخل ہوئے،اور سنگبازی کی،جس کی وجہ سے کچھ وقفے کیلئے ریگل چوک میں افرتفری کا ماحول پیدا ہوا اورٹریفک کی نقل و حمل بھی کچھ وقت کیلئے جزوی طور پر متاثر ہوئی۔ پولیس اور احتجاجی طلاب کے درمیان2بجے تک جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے دوران ایک پولیس افسر اور3صحافیوں سمیت7افراد زخمی ہوئے۔ ایس ایچ ائو کرالہ کھڈ سہیل مشتاق کے سر میں پتھر لگا جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوا اور اس کے سر سے خون بہنے لگا۔مذکورہ افسر کو بعد میں صدر اسپتال پہنچایا گیا۔اس دوران 3ویڈیو جرنلسٹوں کی ٹانگیں بھی زخمی ہوئیں۔انتظامیہ نے ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر پیر کو پہلے ہی ایس پی ہائر اسکینڈری اسکول کو تدریسی عمل کیلئے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ادھر وسطی ضلع بڈگام کے ماگام علاقے میں بھی فورسز و پولیس کے ساتھ طلاب علموں کی جھڑپیں ہوئیں۔ گورنمنٹ ہائر اسکینڈری اسکول ماگام میں پیر کی صبح طلاب نے کلاسوں کا بائیکاٹ کیا اور اسکول احاطے میں نعرہ بازی کی۔ جب طالب علموں نے احتجاجی جلوس برآمد کرتے ہوئے کالج سے باہرآنے کی کوشش کی،تو پولیس و فورسز اہلکاروں نے ٹیر گیس کے گولے داغے،جس کی وجہ سے طرفین میں جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ احتجاج کی وجہ سے گلمرگ،سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حمل بند ہوگئی جبکہ دکانداروں نے بھی اپنی دکانیں بند کیں۔معلوم ہوا ہے کہ طرفین کے مابین جھڑپوں کی وجہ سے پورے علاقے میں تنائو اور کشیدگی کا ماحول پیدا ہوا۔ جھڑپوں کے دوران کئی افراد زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والے ایک پولیس اہلکار اور ایک طلاب علم کو اسپتال لایا گیا۔درین اثناء ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کے مطابق 16 مئی کو احتیاط کے طور پر ایس پی ہائیر سکینڈری سکول میں تدریسی عمل معطل رہے گا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام میر الطاف احمد کے مطابق گورنمنٹ ڈگری کالج ماگام اوربائز ہائر سیکنڈری سکول ماگام میں درس وتدریس کا کام معطل رہے گا۔