اشفاق سعید
سرینگر //سرینگر میں اتوار کو چلہ کلان کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جبکہ سردی کی لہر نے جموں خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔منفی 5.6درجہ حرارت کیساتھ ہی اتوار کی صبح ڈل جھیل اور کشمیر کے دیگر آبی ذخائر کی سطح پر برف کی ایک پتلی تہہ جم گئی تھی۔کشمیر ایک طویل خشک دور سے گزر رہا ہے اور دسمبر میں بارشوں میں 79 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ سرینگر میں منفی 5.6 کے علاوہ قاضی گنڈ میں منفی 5.0 ، گلمرگ میںمنفی 4.4 ڈگری سیلسیس تھا۔ پہلگام منفی 6.5 ،کوکرناگ میں منفی 2.7 اور کپواڑہ میں منفی 5.3 ڈگری سیلسیس پر رہا۔ڈل جھیل پر ہاس بوٹس میں رہنے والے لوگوں کو پانی کے جسم کے اوپر برف کی تہہ کو توڑنے میں اس کے کناروں تک پہنچنے میں مشکل پیش آئی۔ وادی کشمیر کے کئی حصوں میں پائپوں میں پانی بھی جم گیا۔محکمہ موسمیات نے 14 جنوری تک بنیادی طور پر خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے۔ ادھر جموں میں بھی موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جہاں کم از کم درجہ حرارت3.4پر پہنچ گیا۔ دھند کے باعث پروازوں اور ٹرینوں کے شیڈول میں بھی خلل پڑا۔جموں سری نگر قومی شاہراہ کے ساتھ واقع بانہال قصبہ جموں خطہ کا سب سے سرد مقام تھا جہاں کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری تھا اور اس کے بعد ڈوڈہ ضلع کا بھدرواہ تھا جہاں 0.2 درج کیا گیا ۔ کٹرہ میں رات کا درجہ حرارت 6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔