نیوز ڈیسک
سرینگر// وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں جموں وکشمیر بینک کے دو ڈیجیٹل بینکنگ یونٹس کے افتتاح کے موقعہ پر سرینگر اور جموں دو تقاریب بھی منعقد ہوئیں۔جموں میں، جے اینڈ کے بینک کے ایم ڈی اور سی ای او بلدیو پرکاش نے چھنی راما میں بینک کے ڈی بی یو میں افتتاحی تقریب کی قیادت کی، جہاں مرکزی وزیر مملکت صحت اور خاندانی بہبود بھارتی پروین پوار اور جموں سے رکن اسمبلی جوگل کشور شرما مہمان تھے۔ اس موقع پر بینک کے ڈائریکٹر آن بورڈ آر کے چھیبر، سابق ڈپٹی سی ایم نرمل سنگھ اور کویندر گپتا، اور جے اینڈ کے بی جے پی کے صدر رویندر رینا بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔ سرینگر میں، جنرل منیجر سدھیر گپتا نے مرکزی وزیر مملکت تعلیم سبھاش سرکار کے ساتھ تقریب کی صدارت کی۔سرینگر سے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور میئر جنید عظیم مٹو نے بینک کے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔منتخب عوامی نمائندوں، سول سوسائٹی کے اراکین اور سماجی کارکنوں پر مشتمل سماج کے ایک دوسرے حصے نے بھی ورچوئل افتتاح میں حصہ لیا اور مرکزی حکومت کے ڈیجیٹل انڈیا کے مشن کو نافذ کرنے میں بینک کی کوششوں کی تعریف کی۔