اننت ناگ//ضمنی انتخابات کی تاریخیں قریب آتے ہی سرینگر اور اننت ناگ پارلیمانی حلقوں میں انتخابی انظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔الیکشن حکام نے کئی اضلاع میں انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔اس سلسلے میں ڈاک بنگلہ کھنہ بل اننت ناگ میں چنائو مشاہد کی ضلع چنائو آفیسروں،پولیس کے ڈی آئی جیز،سی آر پی ایف ،ایس ایس پیز اوراے آر اووز کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔جس میں اننت ناگ3پارلیمانی نشست کے ضمنی چنائو کے لئے تیاریوں کاجائزہ لیا گیا۔الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اننت ناگ پارلیمانی نشست کے لئے 6چنائو مشاہدین کو نامزد کیا ہے ۔جن میں 5مشاہدین بشمول نودیپ رنوا،جنرل اوبزرور برائے ہوم شالی بُگ اننت ناگ دیوسر ڈورو اسمبلی حلقے، صاحب سنگھ جنرل اوبزرور برائے کوکرناگ،شانگس،بیجبہاڑہ اورپہلگام اسمبلی حلقے،اوم نارائین سنگھ جنرل اوبزرور برائے کولگام ، نو رآباد،وچی اور شوپیان،پرمود کمار گپتا اورجنرل اوبزرور مہیندرا پرتاب شامل ہیں۔میٹنگ میں ضلع چنائو آفیسر اننت ناگ سید عابد رشید شاہ جو کہ اننت ناگ پارلیمانی نشست کے لئے ریٹریننگ آفیسر ہیںنے ضلع میں چنائو سے متعلق تیاریوں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔ضلع چنائو آفیسرپلوامہ،ضلع چنائو آفیسر کولگام،ضلع چنائو آفیسر شوپیان،ڈی آئی جی سائوتھ کشمیر اور16اسمبلی حلقوں کے اے آر اووز کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔اس موقعہ پر ریٹریننگ آفیسر نے ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے چنائو کے سلسلے میں کی جارہی تیاریوں کے بارے میں مفصل جانکاری دی۔ریٹریننگ آفیسر نے بتایا کہ یہ پارلیمانی چنائو حلقہ 4ریونیو اضلاع کا احاطہ کرتا ہے ۔جن میں 5پولیس اضلاع اور6اسمبلی حلقے بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی نشست کے لئے جن 7امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں،اُن کے کاغذات کی جانچ پڑتال27مارچ کو ہوگی جب کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 29مارچ ہے ۔اس نشست کے لئے پولنگ 12اپریل2017ء کو ہوگی۔ادھرضلع چنائو آفیسر گاندربل طارق حسین گنائی نے نامزد کئے گئے تمام اسسٹنٹ ریٹریننگ آفیسروں،نوڈل آفیسروں اورمجسٹریٹوں کی ایک میٹنگ منعقد کی جس میں 9اپریل 2017ء کو سرینگر2پارلیمانی نشست کے لئے کی جارہی تیاریوں کاجائزہ لیا گیا۔ضلع چنائو آفیسر نے تمام نوڈل آفیسران اورمجسٹریٹوں،جوکہ چنائو عمل سے وابستہ ہیں، پر زوردیا کہ آزادانہ اورمنصفانہ چنائو عمل کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہیں۔اس دوران اننت ناگ3پارلیمانی نشست کے ضمنی چنائو کے سلسلے میں ضلع چنائو آفیسرکولگام کے دفتر میں پولنگ عملے کی پہلی سطح کی رینڈومائزیشن کی گئی۔اس موقعہ پر ضلع چنائو آفیسر،ڈپٹی ضلع چنائو آفیسر اوراے آر اووز کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔ضلع چنائو آفیسر نے تمام کنٹرولنگ آفیسران کو رینڈومائزڈ عملے کی تعیناتی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تاکہ انہیں چنائو سے متعلق مزید تربیت دی جاسکے جس کے لئے پہلے ہی ٹریننگ کلینڈر جاری کیا گیا ہے۔اس دوران پریزایڈنگ اور پولنگ آفیسران کو بھی نامزد کیا گیا۔چیف الیکٹورل آفیسر شانت مینو نے یہاں متعلقہ آفیسران کی ایک میٹنگ کے دوران سرینگر پارلیمانی نشست کے ضمنی چنائو کے سلسلے میں کی جارہی تیاریوں کاجائزہ لیا۔اس موقعہ پر ضلع چنائو آفیسر بڈگام میر الطاف احمد نے چنائو کے سلسلے میں تیاریوں کے بارے میں تفصیلی خلاصہ پیش کیا۔انہوںنے کہا کہ ضلع میں414مقامات پر 547پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں 411انتہائی حساس اور136حساس ہیں۔انہوںنے کہا کہ ضلع میں اندراج شدہ 456276افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں جن میں3897مائیگرنٹ ووٹر،ایس سی /ایس ٹی کے 9492ووٹر اور جسمانی طور پر ناخیز 1043ووٹر بھی شامل ہیں۔میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ ای وی ایمز کی تربیت کا پہلا مرحلہ پہلے ہی مکمل کیاجاچکا ہے۔اس موقعہ پر سی ای او نے ضلع انتظامیہ کے آفیسران کی کوششوں کو سراہنا کرتے ہوئے اُن کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوںنے کہا کہ چنائو سے متعلق سرگرمیوں اوررینڈومائزیشن کے دوران تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔