عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سٹی جج سرینگر کی عدالت نے 15 سال کی طویل قانونی جنگ کے بعد 5 زمین بروکرز کو دھوکہ دہی، اور مجرمانہ سازش کے الزام میں مجرم قرار دیا ہے۔ ملزمان کو جرمانے کے ساتھ دو سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔سزا پانے والے دلالوں کی شناخت غلام قادر ڈار اور عبدالرحمان ڈار، غلام محمد ملک اور غلام مصطفی بٹ کے طور پر ہوئی ہے، تمام میرگنڈ پٹن کے رہنے والے ہیں، اور عبدالرحمن ٹھوکر آف خوشی پورہ ایچ ایم ٹی کے بطور کی گئی ہے۔یہ کیس اکتوبر 2009 کا ہے جب انٹرنیشنل بلڈنگ ہائوس کوآپریٹو سوسائٹی کے چیئرمین نے پولیس سٹیشن بٹہ مالو میں شکایت درج کروائی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مارچ 2008 میں اس نے دلال غلام قادر ڈار اور اس کے ساتھیوں کے ساتھ شریف آباد میں 109 کنال اراضی ساڑھے 4 کروڑ روپے میں خریدنے کا معاہدہ کیا ۔ شکایت کنندہ نے کہا کہ اس نے پہلے ہی 2.61 کروڑ روپے چیک کے ذریعے قسطوں میں ادا کیے تھے، لیکن رقم وصول کرنے کے باوجود، ملزم نے نہ تو ملکیت کے دستاویزات فراہم کیے اور نہ ہی زمین کا قبضہ دیا۔ایک ایف آئی آر (262/2009) سیکشن 420 آر پی سی کے تحت درج کی گئی تھی، اور تحقیقات کے بعد، 2013 میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔گواہوں اور حتمی دلائل کے بعد عدالت نے ملزم کو مجرم قرار دیتے ہوئے 34 صفحات پر مشتمل تفصیلی حکم جاری کیا۔ جج عبدالباری نے مشاہدہ کیا کہ استغاثہ نے اپنا مقدمہ معقول شک سے بالاتر ثابت کیا ہے۔غلام قادر ڈار اور عبدالرحمان ڈار کو دفعہ 420 اور 506 آر پی سی کے تحت سزا سنائی گئی جبکہ دیگر تینوں کو دفعہ 506 آر پی سی کے تحت سزا سنائی گئی تھی۔ ہر مجرم کو دو سال قید اور 5000 روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ عدم ادائیگی کی صورت میں انہیں مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہو گی۔عدالت نے حکم دیا کہ تمام سزائیں ایک ساتھ چلیں گی۔ سزا کا اعلان کرتے ہوئے، جج نے نوٹ کیا کہ ملزم پہلے ہی 15 سال طویل مقدمے کی آزمائش سے گزر چکا ہے اور اس لیے اس نے سزا سنانے میں نرم رویہ اپنایا۔