کنگن// سرینگر ۔لیہ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے بحال کردیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی بدھ کے روز دراس سے سرینگر اور سونہ مرگ سے کرگل کی طرف سینکڑوں مال اور مسافر بردار گاڑیوں کو روانہ کیا گیا ۔گذشتہ ہفتے شدید بارشوں اور برفباری کے بعد 434کلو میٹر طویل سرینگرلیہ شاہراہ کو جزوی طور پر گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے بند کرد یا گیا تھا جس کے نتیجے میں شاہراہ کے دونوں طرف سینکڑوں چھوٹی بڑی گاڑیاں درماندہ ہوگئی تھیں ۔گذشتہ دو روز قبل موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی بیکن اور وجیک نے شاہراہ کے دونوں طرف ہنگامی بنیادوں پر برف ہٹا کر شاہراہ کو آمد رفت کے قابل بنایا ۔ایس پی ٹریفک رورل مظفر احمد شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ بدھ کو دراس اور سونہ مرگ میں درماندہ ہوئی گاڑیوں کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف روانہ کیا گیا ہے ۔انہوںنے مزید بتایا کہ جب تک زوجیلا کے مقامات پر پوری طرح برف ختم ہوجائے گی تب تک صرف گاڑیوں کویک طرفہ طور ہی چلنے کی اجازت ہوگی ۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دراس سے سرینگر کی طرف آنے والے گاڑیوں کو صبح گیارہ بجے تک چلنے کی اجازت ہوگی جبکہ سونہ مرگ سے کرگل کی طرف صبح گیارہ بجے سے دوپہر چار بجے تک گاڑ یوں کو چلنے کی اجازت ہوگی چار بجے کے بعد شاہراہ پر کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔