کنگن//منی مرگ، دراس اور زوجیلا درے پر ہوئی تازہ برفباری کے نتیجے میں سرینگر۔ لداخ شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت پیر کو بند رہی۔
کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق گذشتہ روز منی مرگ، دراس اور زوجیلا پر تازہ برفباری کی وجہ سے ٹریفک حکام نے سرینگر ۔لداخ شاہراہ پر احتیاطی طور پر دونوں طرف سے گاڑیوں کی آمدورفت کو بند کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق شاہراہ بند ہونے کے نتیجے میں سونہ مرگ اور منی مرگ میں سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوکر رہ گئی ہیں۔
ایس ڈی ایم دراس اصغر علی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شیطانی نالہ اور زوجیلا پر پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے احتیاطی طور پر گاڑیوں کی نقل و حمل کو روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگر موسم ساز گار رہا تو دوپہر کے بعد درماندہ گاڑیوں کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف روانہ کیا جائے گا۔