سرینگر//سرینگر۔جموں شاہراہ جمعہ کو مسلسل چوتھے روز بھی بند ہے اور اس طرح وادی کشمیر کا باقی ماندہ دنیا سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔اس شاہراہ کو چار روز قبل ضلع رام بن کے پنتھیال،موم پاس، ڈگڈول،کیفی ٹیریا موڑ، بیٹری چشمہ اور ماروگ علاقوں میں تودے گر آنے اور پہاڑوں سے پتھر لڑھکنے کے بعد بند کیا گیا تھا۔
محکمہ ٹریفک ذرائع کے مطابق موسم کی مسلسل خرابی شاہراہ کو بحال کرنے کے کام میں آڑے آرہا ہے ۔مذکورہ ذرائع کے مطابق موسم ٹھیک ہوتے ہی بحالی کے کام میں سرعت لائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق سینکڑوں گاڑیاں شاہراہ کے مختلف مقامات پر در ماندہ ہیں اور ان میں وادی کی طرف آنے والی اشیائے ضروریہ سے لدی مال بردار گاڑیاں بھی شامل ہیں۔
ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی کا موسم بہتر ہورہا ہے۔