عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// شمالی ریلوے 29 اکتوبر سے ریاسی سٹیشن پر کٹرا-سرینگر وندے بھارت ایکسپریس کے لیے تجرباتی بنیادوں پر ایک اضافی سٹاپ فراہم کرے گا۔ حکام نے جمعہ کو کہاکہ فی الحال، نیم تیز رفتار ٹرین کا کٹرا اور سرینگر کے درمیان بانہال میں صرف ایک سٹاپ ہے۔”مقامی لوگوں نے کہا کہ کٹرا اور سرینگر کے درمیان ٹرین کا صرف ایک سٹاپ ہے، اور علاقائی مسافروں کی سہولت کے لیے مزید سٹاپ دیے جائیں۔ ریلوے نے تجرباتی بنیادوں پر ریاسی میں ایک اور سٹاپ دینے کا فیصلہ کیا،” ۔ایک سرکاری حکم کے مطابق، وندے بھارت ایکسپریس ریاسی پر دونوں سمتوں میں دو منٹ رکے گی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کمرشل ڈیپارٹمنٹ سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ سٹیشنوں پر ٹکٹوں کی فروخت پر کڑی نظر رکھے اور پانچ ماہ کے اندر اس دفتر کو جائزہ کے لیے رپورٹ بھیجی جائے۔اس نے مزید کہا کہ جب تک اس دفتر کی طرف سے مشورہ نہ دیا جائے تب تک سٹاپ کا فیصلہ واپس نہیں لیا جانا چاہیے۔