سرینگر/ /شہرسرینگرمیں جنگجویانہ نیٹ ورک قائم کرنے کی منظم کوشش کوناکام بنانے کادعویٰ کرتے ہوئے پولیس نے ایک گاڑی میں سفرکررہے 4نوجوانوں کوگرفتار کرکے ہتھیاروگولی بارودضبط کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ جنگجوئوں کیلئے بطوربالائے زمین ورکرکام کرنے والے کچھ نوجوانوں کو ایکAK-47رائفل اورکچھ گولی بارودسمیت گرفتار کرلیا گیا، جن سے پوچھ تاچھ جارہی ہے۔مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس اور ایس او جی سے وابستہ اہلکاروں نے ٹینگہ پورہ بٹہ مالو کے نزدیک ایک گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی جس کے دوران ایک اے کے 47 رائفل بر آمد کی گئی اور 4 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں گاڑی کا ڈرائیور بھی شامل ہے ۔ پولیس اہلکاروں نے گاڑی کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ۔ گرفتار افراد کی شناخت ظاہر کئے بغیر پولیس ذرائع نے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار کئے گئے نوجوانوں کا تعلق جنگجو گروپوں سے ہے اور وہ سرینگر میں بطور بالائی زمین ورکر سرگرم تھے ۔ ذرائع نے گرفتار شدگان میں سے کچھ ایک کی سرگرمیوں پر پہلے ہی کڑی نظر رکھنے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار افراد جنگجوئوں کیلئے سرینگر میں خفیہ کمین گاہوں کا قیام عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ جنگجوئوں کیلئے مختلف علاقوں سے ہتھیار سرینگر پہنچایا کرتے تھے ۔ ذرائع نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ گرفتار کئے گئے افراد کس جنگجو گروپ کیلئے کام کر رہے تھے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شدگان کو یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی کہ وہ سرینگر میں جنگجوئوں کیلئے نیٹ ورک قائم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی سرگرمیاں انجام دینے میں مدد بھی دیں ۔ ذرائع کے مطابق چاروں گرفتار افراد سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے اور انہوں نے جنگجوئوں کیلئے بطور بالائی زمین ورکر کام کرنے کا اعتراف کر لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق گرفتار افراد سے ان کے ممکنہ دیگر ساتھیوں کے علاوہ ان جنگجوئوں اور جنگجو گروپوں کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، جن کیلئے یہ گرفتار افراد خدمات انجام دے رہے تھے ۔ پولیس ذائع نے بتایا کہ تحقیقات اور تفتیش میں ممکنہ رخنہ پڑ جانے کے پیش نظر گرفتار کئے گئے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی جارہی ہے تاہم تفتیش مکمل ہونے کے بعد ممکنہ طور پولیس کے اعلیٰ افسر پریس کانفرنس میں چاروں گرفتار افراد کو میڈیا کے سامنے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی سرگرمیوں کا خلاصہ بھی کریں گے ۔