کنگن/ / گذشتہ دنوں سے موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی اگر چہ بیکن نے سرینگر۔لیہ شاہراہ پر برف ہٹانے کا کام دوبارہشروع کیا تاہم مشینری برابر ہونے کے نتیجے میں شاہراہ پر برف ہٹانے کا کام سست رفتاری سے چل رہا ہے ۔کئی ہوٹل مالکان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر سونہ مرگ شاہراہ سے جلد برف ہٹانے کا کام جلد ی مکمل نہیں کیا گیا تو ان کے ہوٹلوں کی بکنگ منسوخ ہوجائے گی جس کی وجہ سے انہیں کافی نقصان سے دوچار ہونا پڑے گا ۔ دوسری جانب ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد سونہ مرگ کے برفیلی پہاڑوں کا نظارہ کرنے کے لئے وارد کشمیر ہورہے ہیں تاہم انہیں مایوس ہوکر گگن گیر کے مقام سے ہی واپس لوٹنا پڑتا ہے۔ ادھر چیف انجینئر بیکن اے کے داس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ تک سونہ مرگ شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام مکمل کیا جائے گا ۔ انہوںنے بتایا کہ شاہراہ کے ایک مقام پر برفانی تودے کو صاف کیا گیا ہے اور اور اب دوسرے تودے کو ہٹانے کا کام شدومد سے جاری ہے ۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے کو سونہ مرگ تک گاڑیوں کی آمد رفت شروع ہوئی تھی جس کے بعد شدید برفباری کی وجہ سے دوبارہ شاہراہ کو بند کردیا گیا تھا ۔