سرینگر// ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کی صدارت میںکل منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران ضلع میں ترقیاتی سرگرمیوں کی پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ پہلے سے ہی منظور شدہ پروجیکٹوں کے علاوہ سرکار نے ایس اے ڈی پی کے تحت مختلف پروجیکٹوں کی عمل آوری کے لئے 409.67لاکھ روپے واگذار کئے۔ان پروجیکٹوں میں پیر دستگیر صاحبؒ کی زیارت کے لئے نورخانہ کی تعمیر کی خاطر ایک کروڑ روپے، جی ایم سی سرینگر میں شعبہ کارڈیولاجی اور ای این ٹی میں حیات بخش آلات کے لئے 58لاکھ روپے، جڈی بل، نواکدل، رعناواری، ایم اے روڈ اورشالیمار کے سرکاری تعلیمی اداروں میں سنتھیٹک باسکٹ بال اور والی بال کورٹس کے لئے 10لاکھ روپے ،گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن سرینگر ،انسٹچیوٹ آف ایڈوانسڈ اسٹیڈیزان ایجوکیشن میںپری فیبریکیٹیڈ ہٹس کے لئے 22لاکھ ر وپے ،غوثیہ ہسپتال خانیار میں وولٹیج سیٹیلیزائر کیلئے 7لاکھ روپے اور ضلع سرینگر میں مختلف علاقوںمیں سب اسٹیشنوں کے قیام کے لئے 43لاکھ روپے شامل ہے ۔اس کے علاوہ دیگر ترقیاتی پروجیکٹوں کے لئے بھی رقومات واگذار کی گئی ہیں ۔ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ ایجنسیوں کو منظور کئے گئے پروجیکٹوں کی عمل آوری میں سرعت لانے کی ہدایت دی،انہوں نے کام کابہتر معیار بھی برقرارکھنے پر زوردیا ۔ تاکہ لوگوں کو ان پروجیکٹوں سے فوری طور فوائد حاصل ہوسکیں۔