یو این آئی
سرینگر//جموں و کشمیر میں سالانہ امر ناتھ یاترا 2025کے پیش نظر حکومت اور سیکورٹی ایجنسیوں نے سرینگرجموں قومی شاہراہ پر غیر معمولی سیکورٹی انتظامات کیے ہیں۔ شاہراہ کے مختلف حساس مقامات پر نیم فوجی دستوں، جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ شاہراہ پر چلنے والی ہر گاڑی کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے۔یاترا کے پیش نظر خاص طور پر کٹھوعہ، سانبہ، جموں، ادھمپور، رام بن، بانہال اور قاضی گنڈ کے علاقوں میں سکیورٹی کو مزید مضبوط کر دیا گیا ہے۔سرینگرجموں شاہراہ پر ہر مقام پر خصوصی ناکے قائم کیے گئے ہیں جہاں مسافروں کی گاڑیوں کی بھی تلاشی لی جا رہی ہے۔ شاہراہ پر حساس مقامات پر ڈرون کے ذریعے فضائی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت پر فوری کارروائی کی جا سکے۔ اس کے علاوہ جدید سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ ہمہ وقت نگرانی ممکن ہو۔انتظامیہ اور پولیس نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ناکوں پر ہونے والی چیکنگ کے دوران تعاون کریں تاکہ کسی بھی قسم کی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔سرینگرجموں شاہراہ پر تعینات سکیورٹی اہلکار نہ صرف نقل و حمل پر نظر رکھے ہوئے ہیں بلکہ پہاڑیوں اور اطراف کے جنگلاتی علاقوں کی بھی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔