سرینگر//سرینگر اوراننت ناگ میں تعینات 2 سی آر پی ایف افسران نے منگل کے روز خود کشی کرکے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرلیا۔
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ایک سی آر پی ایف آفیسر نے کورونا میں مبتلاءہونے کے خوف کے پیش نظر سروس رائفل سے خود پر گولی چلائی۔
خبر رساں ایجنسی کے این او کے مطابق سب انسپکٹر سی آر پی ایف فتح سنگھ ساکن جیسلیر راجستھان ،مٹن میں تعینات تھا جب اُس نے خود پر گولی چلائی۔اُس کے ساتھیوں نے اُسے اسپتال پہنچایا تاہم اُسے وہاں مردہ قرار دیا گیا ۔
اطلاعات کے مطابق 49بٹالین سے وابستہ فتح سنگھ نے خود کشی کی وجہ کے بارے میں ایک نوٹ لکھا ہے جس میں تحریر ہے”میرے جسم کو کوئی نہ چھوئے، مجھے ڈر ہے کہ میں کورونا میں مبتلاءہوں“۔
اس دوران سرینگر میں بھی سی آر پی ایف کے ایک سب انسپکٹر نے خود کی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
سی آر پی ایف کے ترجمان پنکج سنگھ نے سرینگر میں سب انسپکٹر کی خود کشی کی تصدیق کرتے ہوئے کے این او کو بتایا”سب انسپکٹر کی خود کشی کی وجوہات کا پتہ لگایا جارہا ہے“۔
سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل ذولفقار حسن نے کے این او کو بتایا”دو لڑکوں نے خود کشی کی ہے، ہم اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں کہ اُنہوں نے یہ انتہائی قدم کیوں اُٹھایا“۔