دبئی / چنئی سپر کنگس اسٹار آل راؤنڈر آسٹریلیا کے شین واٹسن نے کہا ہے کہ اس بار سریش رینا کی کمی آئی پی ایل میں شدت سے محسوس کی جائے گی ۔33 سالہ رینا ذاتی وجوہات کی بنا پر اچانک دبئی سے ہندوستان واپس آگئے ہیں ۔ واٹسن نے انسٹاگرام پر کہا کہ چنئی ٹیم کے اسٹار رینا کی کمی نہ صرف ان کے ساتھی کھلاڑیوں بلکہ آئی پی ایل کو بھی نقصان پہنچائے گی۔واٹسن نے کہا کہ جب میں نیند سے بیدار ہوا تو مجھے افسوسناک خبر ملی کہ سریش رینا ذاتی وجوہات کی بنا پر گھر لوٹ رہے ہیں۔ میری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں سریش ، مجھے امید ہے کہ سب کچھ ٹھیک رہے گا۔ چنئی کی ٹیم میں ہم سب آپ کو یاد کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ آپ چنئی ٹیم کے اسٹار ہیں ، آپ ٹیم کے دل ہیں اور آپ کی کمی آئی پی ایل ٹورنامنٹ بھی کھلے گی۔ لیکن اپنا خیال رکھنا سب سے اہم ہے ۔ امید ہے تم بخیر ہوگے .قابل ذکر بات یہ ہے کہ رینا ذاتی وجوہات کی بناء پر دبئی سے واپس آئے ہیں اور وہ اس سیزن میں آئی پی ایل میں نہیں کھیلیں گے ۔ چنئی ٹیم کے سی ای او کاشی وشوناتھن نے اپنی ٹیم کے ٹویٹر پر کہا تھا کہ سریش رینا ذاتی وجوہات کی بنا پر ہندوستان واپس آئے ہیں اور وہ آئی پی ایل سیزن کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے ۔ چنئی کی ٹیم فی الحال سریش اور ان کے پورے کنبہ کی حمایت کرتی ہے ۔خیال کیا جاتا ہے کہ رینا پنجاب میں اپنے پھوپھا کی موت کی وجہ سے آئی پی ایل چھوڑ کر ہندوستان واپس آگئے ہیں۔ قابل ذکر بات ہے کہ پنجاب کے پٹھان کوٹ کے گاؤں تریئال میں 19-20 اگست کی رات جس سرکاری ٹھیکیدار کو قتل کیا گیااور لوٹ مار کی گئی تھی وہ سریش رینا کے پھوپھا اشوک کمار (58) تھے ۔ اس خاندانی ضرورت کی وجہ سے رینا کو گھر لوٹنا پڑا۔33 سالہ رینا کی ہندوستان واپسی چنئی ٹیم کے لئے ایک اور دھچکا ہے ۔اس میں دو ہندستانی کھلاڑیوں سمیت 13 ارکان بھی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ چنئی کی ٹیم نے اپنا پریکٹس سیشن یکم ستمبر تک ملتوی کردیا ہے ۔ چنئی کا پریکٹس سیشن جمعہ کو شروع ہونا تھا۔رینا نے رواں ماہ 15 اگست کو مہندر سنگھ دھونی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا۔ رینا 2008 سے چنئی کی ٹیم کے لئے آئی پی ایل میں کھیلے تھے اور یہ پہلا سیزن ہوگا جب وہ آئی پی ایل میں نہیں کھیلیں گے ۔