پوگل پرستان کے نظر انداز مگر خوبصورت مقامات کو سیاحتی نقشے پر لانے کا مطالبہ
محمد تسکین
بانہال// پوگل ویلفئیر والنٹیرس کی طرف سے خوبصورت سیاحتی مقام سرگلی پوگل میں نائٹ کیمپنگ اور پوگلی تمدن و تہذیب اور ثقافت پر رنگارنگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا اور سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے رات بھر سرگلی ٹاپ پوگل کی قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ، خوشگوار اور مسرور کرنے والی فضا میں نائٹ کیمپنگ کے اس پروگرام میں شرکت کی ۔پوگل ویلفیئر والنٹیرس کے ترجمان ارشد جہانگیر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس پروگرام کا انعقاد پوگل ویلفیئر والنٹیئرس کے اشتراک سے کیا گیا تھا جس میں پوگلی ثقافت، قدیم کھیلوں اور تہذیب و تمدن کو بھرپور انداز میں پیش کیا گیا جبکہ پوگلی تمدن و تہذیب اور علم و ادب سے منسلک شعراء ، ادیبوں ، کلاکاروں اور گلوکاروں نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کرکے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔اس پروگرام میں مہمانانِ خصوصی میں سینئر کانگریس لیڈر اور سابقہ این وائی سی صدر فیروز احمد خان، ملک مظفر ، شمیم ایاز ، عادل نائیک اور عبدالوحید خان شامل تھے ۔ ان کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں سرگلی ٹاپ پہنچے لوگ یہاں کے قدرتی نظاروں اور معتدل آب و ہوا سے لطف اندوز ہوئے اور پوگل ویلفیئر والنٹیرس کے اس خوبصورت شب کے انعقاد کیلئے انکا شکریہ ادا کیا ۔پوگل ویلفیئروالنٹیرس کے عہدیداروں نے سرگلی سمیت نے پوگل پرستان کے خوبصورت مقامات اور ہنس راج چوٹی سمیت لوگوں کی کشش کا باعث بنی دیگر چوٹیوں اور خوبصورت جگہوں کو سیاحتی نقشے پر لانے کا اپنا مطالبہ دھراتے ہوئے موجودہ سرکار سے اس دیرینہ مانگ اور عوامی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کی اپیل کی ہے تاکہ سیاحت کو فروغ دیکر پوگل پرستان کی اس دور افتادہ تحصیل کے سینکڑوں بیروزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کی نئی سبیلیں اور راہیں نکل سکیں ۔