سرینگر//حریت (ع)،لبریشن فرنٹ ،فریڈم پارٹی، پیپلز لیگ،لبریشن فرنٹ (ح)،تحریک مزاحمت اور سالویشن مومنٹ نے رواں تحریک کے سرکردہ رہنما ایس حمید کو اُن کی 20ویں برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اُن کی قربانیوں کو ناقابل فراموش قرار دیا ہے۔حریت (ع)ترجمان نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے تحریک آزادی کے تئیں اُن کی خدمات اور قربانیوں کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ ترجمان نے کہا کہ ایس حمید نے اپنی پوری زندگی ایک عظیم نصب العین کے حصول کیلئے وقف کی تھی اور تحریک مزاحمت کو آگے بڑھانے کیلئے شہید رہنما نے جو قابل قدر خدمات انجام دیں اس کے لئے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس دوران حریت کانفرنس کے ایک وفد نے مزار شہداء عیدگاہ جاکر اُن کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے خراج عقیدت ادا کیا ہے۔انہوں نے ایس حمید کو ایک مخلص انسان ، بہادر لیڈر اور جری سیاسی قائد قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ موصوف کو دوران حراست جاں بحق کیا گیا ۔ فرنٹ چیئرمین نے مرحوم کے اعلیٰ درجات کی بلندی کیلئے دعاکرتے ہوئے ان کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے خراج عقیدیت پیش کرتے ہوئے ایس حمید کو سیاسی مدبر اور دانشورقرار دیا ہے۔ فریڈم پارٹی نے کہا کہ موصوف آزادی کی علامت تھے اور اُنہیں اُن کے اخلاص کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پارٹی ترجمان نے کہا کہ ایس حمید جیسے عظیم رہنمائوں نے اپنے خون سے آزادی کا عنوان رقم کیا ۔ترجمان نے کہا کہ ایس حمید ایک دانشور اور ولولہ انگیز قائد تھے جنہوں نے آزادی کے معنی و مطالب کو فکری طور پر سمجھ رکھا تھا اور یہی وجہ ہے کہ آج بھی آزادی کے پروانے نتائج کی پرواہ کئے بغیر دنیا کی ایک بہت بڑی فوجی قوت کو للکار رہے ہیں اور قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری اور قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے ایس حمید وانی کوخراج عقیدت پیش کیا ہے ۔اس دوران مزار شہدا عید گاہ میں ایس حمید وانی کی یاد میں ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد ہوا جس میں لیگ کے قائمقا چیئرمین سید محمد شفیع، ماسٹر عبدالرشید،غلام قادر راہ،نذیر احمد شاہ، محمد شفیع میر،محمد یاسین،پرویز احمد،اور حریت رہنماؤں بشیر احمد طوطا،محمد یوسف نقاش ،نثار حسین راتھر،حکیم عبدالرشید،جاوید احمد میر،امتیاز احمد ریشی اورغلام محمد میر سمیت کئی مزاحمتی کارکن شامل تھے۔ لبریشن فرنٹ(ح) کے چیئرمین جاوید احمد میر نے مزارِ شہداء عید گاہ میں منعقد دعائیہ مجلس میں شرکت کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔تحریک مزاحمت کے جنرل سیکریٹری محمد سلیم زرگر نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس حمید کی زندگی مزاحمت کاروں کے لئے ایک روشن اور تابناک مشعل راہ ہے جس کی ہر ایک کرن تحریک آزادی کے تعلق سے دیانت داری، ایمانداری، وفاداری اور جانثاری کا درس دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کی زندگی ہمیں انتہائی مشکل ترین حالات میں عزم راسخ اور جہد پیہم کے ہتھیاروں سے لیس ہوکر جبر و ستم کے سامنے سینہ سپر ہونے کی ترغیب دیتی رہے گی اور ہر سخت موڑ کو عزت و وقار کے ساتھ پار کرنے کا حوصلہ دیتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار محمد سلیم زرگر نے پیپلز لیگ کے اہتمام سے منعقد کی گئی تقریب میں کیا۔ محمد سلیم زرگر کے ہمراہ ریاض احمد اور محمد رفیق بھی شامل تھے ۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس حمیدنے رواں تحریک مزاحمت کے کارواں میں ایک نئی روح پھونک دی۔انہوں نے کہا کہ مزاحمتی قیادت کے مابین اتحاد و اتفاق کیلئے کوششیں کرنے والے ایس حمیدکی زندگی کا ہر پہلو کشمیری عوام کو ایک طویل عرصے تک رہنمائی کرتا رہے گا۔