سوپور// سوپور سے تعلق رکھنے والے وادی کے معروف ادیب وشاعر و ماہر تعلیم سیف الدین سیفی کا جمعرات کی شام اپنے گھر واقع سوپور میں انتقال ہوا۔وہ 97برس کے تھے ۔سیفی صاحب کے نام سے معروف بزرگ ادیب و شاعر کے افراد کنبہ کے مطابق ان کی نماز جنازہ جمعرات کوہی ان کی وصیت کی رو سے رات 10;30بجے انیولائٹ کالونی سوپور میں ادا کرکے کر ان کی تدفین آبائی مقبرہ واقع ہاتھی شاہ محلہ سوپور میں انجام دی گئی۔سیفی صاحب مرحوم شمالی کشمیر کے معروف تعلیمی ادارے نیدر فیلڈ کے چیئرمین اعجازاحمد مسعودی کے چاچا تھے ۔مرحوم سیفی صاحب کئی ادبی و شعری شاہکاروں کے خالق رہے ہیں ۔وہ آزادی ہند کے بعد چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ اور کشمیر کے نائب ناظم تعلیمات کے عہدوں پر بھی فائز رہے ہیں ۔انہوں نے 13اپریل 1944میں محکمہ تعلیم میں بحیثیت مدرس کام شروع کیا اور1977میں ملازمت سے سبکدوش ہوگئے ۔ان کی ادبی و شعری تخلیقات کے علاوہ مقالہ جات و تراجم اور تصنیفات کے خالق رہے ۔ان کی ادبی و علمی کاوشوں پر انہیں وادی بھر میں انتہائی عزت و احترام کی نظروں سے دیکھا جاتا تھا ۔سیفی صاحب کی رحلت سے ادبی و سماجی و علمی حلقوں میں غم و اندوہ کی لہر پھیل گئی ہے ۔