سرینگر//عوامی مجلس عمل کے سربراہ میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے اپنے تعزیتی بیان میں کشمیر کے ایک سرکردہ تاجر خضر محمد اینڈ سنز اورخاندان میرواعظ کے دیرینہ محب الحاج غلام رسول زرو کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم غلام رسول زرو اور اُن کے ناموراسلاف اور پورا خاندان روزاول سے میرواعظ خاندان کے ساتھ جڑا رہا اور ہر مرحلے پر خاص طور پر تحریک حریت کشمیر کے بانی اعظم حضرت مہاجر ملت ، مفسر قرآن میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ ؒ اورعوامی مجلس عمل کے بانی سربراہ میرواعظ مولوی محمد فاروق ؒ کے شانہ بشانہ خصوصیت کے ساتھ دینی، تبلیغی، رفاہی ،فلاحی اور سماجی کاموں میں پیش پیش رہے ہیں ۔ میرواعظ نے مرحوم کی وفات کو ایک ذاتی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری بندشوں اور خانہ نظر بندیوں کے سبب مجھے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی جو حد درجہ افسوناک اور قابل مذمت اقدام ہے۔میرواعظ نے مرحوم کے فرزندان ، زرو خاندان اور پسماندگان کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردیوں کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفر ت اور جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔