سرینگر// عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید نے ریاسی میں ایک مسلم خاندان پر نام نہاد گائو رکھشکوں کی طرف سے بلا جواز جان لیوا حملہ کرنے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے ریاستی سرکار پر زوردیا ہے کہ وہ ان دہشتگردوں کے خلاف یا تو فوری کاروائی کرے یا پھر سنگین نتائج بھگتنے کیلئے تیار رہے۔ اخبار کے نام اپنے ایک بیان میںرشید نے کہا ’’جس قدر نام نہاد گائو رکھشک بے لگام ہو کر مسلمانوں کو موت کے گھاٹ اُتار رہے ہیں اس سے بد ترین دہشتگری کوئی اور چیز نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ گائے ماتا کی محبت میں یہ دیوانے لوگ انسانوں پر وحشی جانوروں کی طرح حملہ آور ہو رہے ہیں اور ان ظالموں نے تلوارا ریاسی میں ۹ سالہ بچی تک کو بھی نہیں بخشا۔ کوئی ان مذہب کے ٹھیکیداروں سے یہ پوچھے کہ کیا ہندوستان میں ہر ماہ لاکھوں گائیں نہیں مرتی ہیں اور ان کے چمڑے سے مختلف اشیاء تیار نہیں کی جاتی ہیں۔ پوچھا جا سکتا ہے کہ اگر گائو کشی پر پابندی اس قدر ضروری ہے تو پھر سنگ پریوارگوا، آسام، منی پور اور دیگر شمال مشرقی ریاستوں میں گائو کشی پر پاندی کیوں نہیں لگا پا رہا ہے ــ‘‘ ۔انجینئر رشید نے نام نہاد گائو رکھشکوں کو یاد دلایا کہ وہ یہ بات کیوں بھول رہے ہیں کہ جموں و کشمیر ایک غالب مسلم اکثریتی خطہ ہے ۔