سرینگر //وزیر برائے تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ موجودہ حکومت شہر سرینگر کی تیزترترقی کیلئے کوشاں ہے اور سرکار سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر ہر ایک حلقہ انتخاب کی یکساں ترقی کو یقینی بنائے گی ۔سرینگر کو بین الاقوامی معیار کے شہر کے طور پر ترقی دینے کے سلسلے میں وزیر برائے تعلیم سید محمد الطاف بخار ی نے سنیچر کو سرینگر کے مختلف حلقہ انتخاب میںترقیاتی کاموں کاجائزہ لینے کیلئے منعقد ہ اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔میٹنگ میں رُکن اسمبلی حبہ کدل شمیم فردوس، رُکن اسمبلی خانیار علی محمد ساگر، رُکن اسمبلی عید گاہ مبارک گل ، رُکن اسمبلی سونہ وار محمد اشرف میر، رُکن اسمبلی بٹہ مالو نور محمد شیخ، رُکن اسمبلی جڈی بل عابد انصاری، رُکن کونسل خورشید عالم ، صوبائی کمشنر کشمیر ، ڈپٹی کمشنر سرینگر، آئی جی پی کشمیر،کمشنر ایس ایم سی ،بجلی ،آبپاشی و فلڈ کنٹرول ، صحت عامہ ، تعمیرات عامہ اور میکنیکل انجینئرنگ کے اعلیٰ افسران ، ناظم سیاحت کشمیر، ناظم سماجی بہبود کشمیر، ناظم تعلیم کشمیر، ناظم صحت کشمیر اور دیگر متعلقہ افسران موجو دتھے۔دوران میٹنگ ڈپٹی کمشنر سرینگر نے وزیر کو گزشتہ مالی سال کے دوران مکمل کئے گئے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے بارے میں تفصیل دی۔ انہیں سال 2017-18ء کے دوران اے ایم آر یو ٹی اور دوسری سکیموں کے تحت ہاتھ میں لئے جانے والے ترقیاتی کام بشمول سڑکوں کی توسیع ، زمین کا حصول ، سڑکوں پر میکڈم بچھانے ، پلوں کی تعمیر وغیرہ کاموں کے بارے میں تفصیل دی گئی۔دوران میٹنگ بتایاگیا کہ سال 2016-17کے دوران 12.68کروڑ روپے کی لاگت سے 9کمیونٹی ہالوں کیلئے عمارات کی تعمیر مکمل کی گئی جبکہ گرلز ہائیر سکینڈری سکول صورہ ، کوٹھی باغ ، نوہٹہ اور خانیار میں چار مصنوعی باسکٹ بال کوٹ تعمیر کئے گئے جبکہ سرینگر میں سمارٹ کلاسوں کے قیام پر 38.80لاکھ روپے صرف کئے گئے ۔سرینگر کے مختلف حلقہ ہائے انتخاب کے ارکان اسمبلی نے وزیر کو اُن کے علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر نے انہیں بغور سنا اور عوامی نمائندوں کو یقین دلایا کہ ان کے حلقہ انتخاب میں لوگوں کو درپیش مسائل کا ازالہ کیا جائے گااور انہیں یقین دلایا کہ سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر ہر حلقہ انتخاب کی یکساں ترقی یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سرینگر کی تیز تر ترقی کے لئے کوشاں ہے ۔جموں وکشمیر میں تعلیمی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے بخاری نے کہا کہ اس سلسلے میں ہر حلقہ انتخاب میں عنقریب تعلیمی زون قائم کئے جائیں گے۔