بارہمولہ// پٹن پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کے کھانڈبوریوںسے لدی 2ٹرکوں کوضبط کرکے 2ڈرائیوروں کی گرفتاری عمل میںلائی ہے ۔ایس ایچ ائوپٹن محمد سلیم نے کشمیر عظمیٰ بتایا کہ پٹن پولیس کی ایک ٹیم نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پرسنگھ پورہ علاقہ میں 2ٹرکوں کواس وقت ضبط کرلیاجبکہ ان ٹرکوں میں لدی کھانڈکی بوریاں یہاں کچھ دکانداروں کوفروخت کی جارہی تھیں ۔ انہوں نے بتایاکہ محکمہ امورصارفین وتقسیم کاری سے وابستہ 2نجی ٹرکوں زیر نمبر JK01E-5947 اور JK01T-4619میں صارفین کورعایتی داموں یاسبسڈی پرفراہم کئے جانے والے کھانڈکی بوریاںایف سی آئی کلنگام کپوارہ سے آرہی تھی تاہم راستے میں سنگھ پورہ پٹن میں دونوں ٹرکیں رُک گئیں اوریہاں سرکاری کھانڈکی چوربازاری شروع ہوئی ۔تاہم پولیس کی ٹیم نے سرکاری کھانڈکی بلیک مارکیٹنگ یاچوربازاری کرنے والے ٹرک ڈرائیوروں کورنگے ہاتھوں دبوچ لیا۔پولیس نے کھانڈکی بوریوں سے بھری دونوں ٹرکوں کوضبط کرکے تھانے پہنچایاگیاجبکہ دوڈرائیوروں کوپوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیاگیا۔ اس سلسلے پٹن پولیس نے ایف آئی آرزیرنمبر 62/2018 زیر دفعہ407اور411آرپی سی کے تحت کیس درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔واضح رہے کہ ضلع بارہمولہ کے بیشتر راشن گھاٹوں میں پچھلے کئی ماہ سے کھانڈ غائب تھا جس کے نتیجے میں صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔