جموں //وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے تمام تعلیمی اداروں، جن میں سرکاری اور نجی ڈگری کالج شامل ہیں ، میں شکایتی کمیٹی قائم کرنے کے احکامات جاری کئے ۔تاکہ خواتین کے خلاف جرائم کو روکا جاسکے ۔ سینئر افسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے ان کمیٹیوں کو تمام گورنمنٹ ڈگری کالجوں اور پرائیویٹ کالجوں میں قائم کرنا ضروری قرار دیا۔ اس موقعہ پر بتایاگیا کہ کالجوں کے سربراہاں ، ڈائریکٹر کالجز اور نوڈل پرنسپلوں کو شکایتی کمیٹیوں کے بارے میں تفصیلات پیش کریں گے۔ شکایتوں کے اندراج کے بعد عمل میں لائی گئی کارروائیوں کی تفصیلات بھی کالجوں کے سربراہاں متعلقہ حکام کو پیش کرتے رہیں گے۔وزیر نے کہا کہ محکمہ کو حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اس قدم کی بھرپور تشہیر کرنی ہوگی ۔ وزیر نے سکولی تعلیم محکمہ سے کہا کہ وہ بھی ہائیر سکینڈری اور ہائی سکولوں میں اسی طرح کی کمیٹیاں قائم کرنے کے اقدامات کریں۔