سرکاری نوکریوں کے بجائے نوجوان اپنا ذریعہ معاش خود تلاش کریں:میرو اعظ

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
سرینگر// حریت (ع)کے چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے کشمیر میں نوجوان نسل کی خود انحصاری اور سرکاری نوکریوں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے اپنا ذریعہ معاش خود تلاش کرنے کے بڑھتے ہوئے رحجان کو انتہائی اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات بڑی خوش آئند ہے کہ کشمیر کی پڑھی لکھی نوجوان نسل بے روزگاری جیسے شدید مسئلہ سے نمٹنے کیلئے اپنی مدد آپ کرو کی پالیسی اپنا رہی ہے ۔نگین میں ’’Hooked Foodies گوجوارہ میں ’’ Down Town Cafe‘‘ اور حول میں ’’Mustaqeem Diagonstic Centre‘‘کا افتتاح کرتے ہوئے میرواعظ نے ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ سرکاری نوکریوں کے حصول کی کوششوں میں وقت ضائع کرنے کے بجائے نجی شعبے میںاپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور خود روزگار کمانے کے ساتھ ساتھ اوروں کو بھی اس کی ترغیب دیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ایک طویل عرصے سے جاری نا مساعد حالات نے جہاں یہاں کی نوجوان نسل کے مسائل میں بے پناہ اضافہ کردیا ،وہیں بے کاری اوربے روزگاری ایک عفریت کی شکل میں اس نسل کے سامنے کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں خود روزگاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور بہت سارے شعبے ایسے ہیں جہاں نوجوان نسل اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر روزگار حاصل کرسکتی ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ ہم سب جس مذہب کے پیروکار ہیں یعنی دین اسلام، اس میں محنت و مشقت کی ایک خاص عظمت ہے اور انسان کی محنت کی کمائی کو اللہ تعالیٰ نے ایک اہم فریضہ قرار دیتے ہوئے محنت کی کمائی کو جہاد سے بڑھ کر اجر و ثواب کا مستحق قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوانو ں میں نہ صلاحیتوں اور نہ ذہانت کی کمی ہے ،ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوںکا صحیح استعمال کریں اورعالمی سطح پر روزگار کے جو نئے نئے وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں ان سے استفادہ کریں تب جاکر بے روزگاری جیسے سنگین مسئلہ پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *