بلال فرقانی
سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے بچوں کی تعلیمی امداد (چلڈرن ایجوکیشنل الائونس)اور ہوسٹل سبسڈی میں 25 فیصد اضافہ کیا ہے۔ یہ اضافہ مہنگائی بھتہ (ڈی اے) میں 50 فیصد اضافے کے بعد یکم جنوری 2024 سے نافذ العمل ہوگا۔محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری حکم نامہ کے مطابق، یہ اضافہ سرکاری حکم نامہ کے تحت کیا گیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ جب بھی مہنگائی بھتہ 50 فیصد تک پہنچے گا، تو بچوں کی تعلیمی امداد اور ہوسٹل سبسڈی میں خود بخود 25 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔نظرثانی شدہ شرح کے مطابق، اب بچوں کی تعلیمی امداد 2250 روپے سے بڑھا کر 2812.50 روپے ماہانہ کر دی گئی ہے، جبکہ ہاسوسٹل سبسڈی 6750 روپے سے بڑھا کر 8437.50 روپے ماہانہ مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح، معذور بچوں کیلئے یہ امداد 4500 روپے سے بڑھا کر 5625 روپے ماہانہ کر دی گئی ہے۔یہ فیصلہ مختلف حلقوں اور سرکاری ملازمین کی جانب سے دی گئی تجاویز کے بعد کیا گیا، جنہوں نے مہنگائی بھتہ میں اضافے کے بعد ان مراعات میں بھی اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ حکومت نے اس مطالبے پر غور کے بعد اس میں اضافہ کرنے کی منظوری دی ہے۔حکم نامے میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ یہ مراعات ان بچوں کیلئے قابلِ اطلاق ہوں گی جو پہلی جماعت سے قبل (پری نرسری) سے لے کر 12ویں جماعت تک زیر تعلیم ہیں، قطع نظر اس بات کے کہ جماعتوں کی اصطلاح کیا ہے۔