یو این آئی
نئی دہلی// نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے پیر کو سرکاری ملازمین سے پارٹیوں سے بالاتر رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ انہیں قوم پرست اور وفاقی نقطہ نظر اپنانا چاہئے۔یہاں انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) 2022 بیچ کے اسسٹنٹ سکریٹریز سے خطاب کرتے ہوئے دھنکھڑ نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو ہمیشہ متعصبانہ نقطہ نظر سے آگے دیکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازم کا سیاسی جماعتوں سے تعلق نہیں ہونا چاہیے۔نائب صدر جمہوریہ نے افسران سے اپیل کی کہ وہ قوم پرست اور وفاق پرستانہ انداز اپنائیں اور ہمیشہ ملک کے مفاد کو مقدم رکھیں اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھیں۔ دھنکھڑ نے سرکاری ملازمین سے درخواست کی کہ وہ اعلیٰ ترین اخلاقی اصولوں کو برقرار رکھیں اور کہا، “آپ تبدیلی کے ایجنٹ ہیں۔ آپ معیاری حکمرانی کا سنگ بنیاد اور تیز رفتار ترقی کے مشعل بردار ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ سول سروس پہلے سے کہیں زیادہ نمائندہ ہے اور اس میں معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً کمزور اور پسماندہ پس منظر سے تعلق رکھنے والوں کی نمائندگی ہے۔ دھنکھڑ نے کہا کہ آج ہندوستان امیدوں اور امکانات سے بھرا ہوا ہے اور سرمایہ کاری کے لیے سب سے پسندیدہ مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے مواقع روز بروز بڑھ رہے ہیں۔