سرینگر// ڈیجیٹل انڈیا کے دعوئوں کو اگر دیکھنا ہے تو ریاست کے مختلف سرکاری محکمہ جات کی سرکاری ویب سائٹس کاملاحظہ کریں، جہاں نہ صرف ناکافی تفصیلات درج ہیں بلکہ اکثر ویب سائٹس کام ہی نہیں کررہی ہیں۔حیران کن پہلو یہ ہے کہ مختلف محکمہ جات میں بہت عرصہ پہلے تبدیل کئے گئے افسران کو بدستور وہاں تعینات رکھا گیا ہے اور انکے فون نمبرات بھی موجود ہیں۔اس وقت ملک بھر میں ڈیجیٹل انڈیا کا ڈنڈھورا پیٹا جا رہا ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کی باتیں کی جارہی ہیں،لیکن ریاستی محکمہ جات کی ویب سائٹوں پر دور دور بھی اس کا تصور کہیں دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ بیشتر محکمہ جات ایسے ہیں جن کی ویب سائٹیں ہی کام نہیں کررہی ہیں اور کسی محکمہ کی ویب سائٹ برائے نام ہی بنائی گئی ہے جونا مکمل ہے۔کئی محکموں کی ویب سائٹس پر بہت پرانی جانکاری درج ہے اورمعلومات کو اپ ڈیٹ کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی جاتی۔کئی محکمہ جات کی ویب سائٹوں پر محکمہ کے عہدیداروں کے نمبرات درج نہیں تو کہیں اگر لینڈلائن نمبر ات ہیں بھی ،تووہ بند پڑے ہیں ۔اکثر نمبرات پر فون کرنے کے بعد بتایا جاتا ہے کہ یہ نمبر بدل گیا ہے یا پھر موجود ہی نہیں ہے ۔کچھ ایک محکمہ جات کی ویب سائٹوں پر اگر نظر دوڑائی جائے تو وہاں پچھلے کئی برسوں پہلے اپ لوڈ کیاگیا ڈاٹا ابھی تک اپ ڈیٹ نہیںکیا گیاہے ۔ کئی محکموں کی ویب سائٹوں پر آفیسران کے جو نمبرات درج کئے گئے ہیں، اُن میں سے کوئی نمبر لگتاہی نہیں ۔یہ نمبرات یا تو سابق افسران کے ہیں یا پھر موجود ہی نہیں ہیں ۔پرنسپل میڈکل کالج سرینگر کی ویب سائٹ کو بھی ابھی تک اپ ڈیٹ نہیں کیاگیا ہے۔ اس پر سابق پرنسپلوں اور میڈکل سپرانٹنڈنٹوں کے نام بدستور موجودہیں ۔ ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر شفقت خان ابھی بھی جی پی پنتھ ہسپتال کے سپرانٹنڈنٹ ہیں جبکہ شفقت خان کا تبادلہ قریب ایک ماہ قبل کمشنر میونسپل کارپوریشن کے بطور ہوا ہے ۔اسی طرح شبیر احمد ڈار کو سپرانٹنڈنٹ بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ دکھایا گیا ہے۔ایسا ہی حال دوسرے محکمہ کی ویب سائٹوں کا بھی ہے ۔محکمہ صحت کشمیر کی ویب سائٹ پر بھی نئی جانکاری دستیاب نہیں اورمحکمہ کا کہنا ہے کہ انکی نئی ویب سائٹ لانچ ہورہی ہے ۔اسی طرح محکمہ ریلیف آرگنائزیشن MIGRANTS) (کی ویب سائٹ بھی 2009کے بعد اپ ڈیٹ ہی نہیں کی گئی ہے اور 2009کے بعد اس ویب سائٹ پر کسی بھی قسم کی کوئی نئی جانکاری نہیں ملتی ۔ویجلنس آرگنازیشن اورقانون ساز کونسل کی ویب سائٹ بھی اپ ڈیٹ نہیں ۔محکمہ تعلیم کے کمشنر سیکریٹری شلین کابراکے دیئے ہوئے لینڈ لائن فون زیر نمبر 01912349675پر اگر فون لگایا جائے تو بتایا جاتا ہے کہ یہ نمبر موجود ہی نہیں ہے ۔اسی طرح ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کا لینڈ لائن فون زیر نمبر 0191254963 موجود ہی نہیں ہے ۔