عظمیٰ نیوز سروس
جموں//حکومت نے جموں و کشمیر کے تمام سرکاری محکموں میں بھرتی قوانین تیا ر اور ترمیم کرنے کے لئے سِنگل وِنڈو ڈیجیٹل سسٹم کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر برائے ایڈمنسٹریٹیو ریفارمز ستیش شرما نے میٹنگ میں اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ جی اے ڈِی، فائنانس،قانون اور جے کے پی ایس سی کے ساتھ مشاورت کے ساتھ نظام کے ڈیزائن اور رو ل آئوٹ کو تیز کریں تاکہ ہر مرحلے پر بین محکمہ جاتی تال میل اور جوابدہی برقرار رہے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے کہا،’’یہ ڈیجیٹل اِصلاحات اِنتظامی تاخیر کو نمایاں طو رپر کم کرے گی ، شفافیت کو فروغ دے گی اور تمام محکموں میں بھرتی پالیسیوں کے یکساں عمل آوری کو یقینی بنائے گی۔سِنگل وِنڈو سسٹم نہ صرف کارکردگی میں اِضافہ کرے گا بلکہ ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور عوامی رسائی کے ذریعے جوابدہی کو بھی مضبوط بنائے گا۔‘‘اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ اِس نظام کو موجودہ اِی۔آفس فریم ورک کے ساتھ مربوط کیا جائے اور محکمانہ نوڈل اَفسران کے لئے تربیتی و صلاحیت سازی کے پروگرام منعقد کئے جائیں تاکہ نظام کی مؤثر منتقلی اور کامیاب عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔سنگل وِنڈو ڈیجیٹل سسٹم موجودہ ملٹی ٹائرڈاور کاغذپر مبنی عمل کو ایک متحد آن لائن میکانزم سے بدلنا ہے۔مجوزہ ماڈل کے تحت متعلقہ محکمے اپنی تجاویز 30 دِن کے اندر حتمی شکل دے کر جمع کریں گے جبکہ سٹینڈنگ کمیٹی ہر کیس کو 10 دِن کے اندر نمٹائیں گے اور جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے حتمی منظوری کو مقررہ وقت میں یقینی بنایا جائے گا۔