عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//انسداد کورپشن بیورو جموں وکشمیرنے مالی بے ضابطگیوں،رشوت خوری اور غیرمتناسب اثاثے ہونے کی پاداش میں رواں سال 11اپریل تک اعلیٰ افسروں وانجینئروں سمیت کل12سرکاری اہلکاروں کیخلاف مقدمات درج کئے جبکہ سال 2024میں انسداد کورپشن بیورو جموں وکشمیرنے ایسے ہی معاملات میں 87سینئر سرکاری اہلکاروں اور چھوٹے ملازمین کیخلاف کیس درج کئے تھے ۔ان سبھی 99کورپشن کیسوںکی تحقیقات جاری ہے ۔ انسداد کورپشن بیورئو جموں وکشمیرکی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب تفصیلات میں بتایاگیاہے کہ پولیس اسٹیشن اینٹی کورپشن بیورئو سری نگرنے 9جنوری 2025کوغیر متناسب اثاثے ہونے پر چیف فائنانشل آفیسر سرینگر اسمارٹ سٹی لمیٹڈ ساجد یوسف بٹ ولد محمد یوسف بٹ ساکن نمبلہ بل پانپور حال سکونت دولت آباد خانیار سرینگر کیخلاف ایک مقدمہ زیر اٰف آئی آر 01/2025درج کیا۔اسی طرح کے ایک اورمعاملے میں پولیس اسٹیشن اینٹی کورپشن بیورو سرینگرنے غیر متناسب اثاثے ہونے پر ، ایگزیکٹو انجینئر سرینگر اسمارٹ سٹی لمیٹڈ ظہور احمد ڈار عبدالرزاق ڈار ساکن ٹاکنواری پورہ سرینگر حال غالب آباد لین نمبر 5 شالہ ٹینگ سرینگرکیخلاف ایک مقدمہ زیرایف آئی آر 02/2025درج کیا۔پولیس تھانہ اے سی بی سرینگرنے 6فروری 2025کو اشرف ملک کمپیوٹر آپریٹر، دیہی ترقی محکمہ، بلاک گنڈ، گاندربل کیخلاف شکایت کنندہ سے بطور رشوت 3000روپے کا مطالبہ اور قبول کرنے کی پاداش میں ایک کیس زیر ایف آئی آر03/2025درج کیا۔ پولیس اسٹیشن اینٹی کورپشن بیورو سرینگرنے7مارچ2025کوغیر متناسب اثاثے ہونے پرغلام محمد بٹ جونیئر انجینئر جل شکتی (پی ایچ ای) محکمہ کیخلاف ایف آئی آر نمبر 04/2025کے تحت مقدمہ درج کیا ۔ایسی ہی ایک اورکارروائی میں پولیس اسٹیشن اینٹی کورپشن بیورو سرینگرنے 19مارچ2025کوسرکاری عہدے کا غلط استعمال کرنے کی پاداش میں ، اس وقت کے برانچ منیجر جے کے بنک کرن نگرسرینگر برہان احمد خان ولد محمد یعقوب خان ولد مدبل نوشہرہ سرینگر، منظور احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ اوراسوقت کے پٹواری حلقہ حاجن محمدیوسف میر ولدغلام احمد میر ساکن بودینہ بڈگام کیخلاف ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر05/2025درج کیا۔ پولیس اسٹیشن اینٹی کورپشن بیورو سرینگرنے10اپریل 2025کوایاز احمد ہرہ گرداوارچھتہ بل (پٹواری حلقہ حبہ کدل اور حلقہ شیوپورہ کے اضافی چارج پر فائز) اورنمبردارحلقہ حبہ کدل سرینگر محمدرفیق شیخ کیخلاف ایک شکایت کنندہ سے مبلغ 20ہزارروپے بطور رشوت کا مطالبہ اور قبول کرنے پر ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر06/2025درج کیا ہے۔اس دوران پولیس اسٹیشن اے سی بی بارہمولہ نے 10جنوری2025کوغیر متناسب اثاثے ہونے پر ریاض احمد پرے ریٹائرڈ سپرانٹنڈنگ انجینئرمحکمہ پی ڈبلیو ڈی(آراینڈ بی )کیخلاف ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 01/2025درج کیا۔ادھر تھانہ سنٹرل اینٹی کورپشن بیورونے 2جنوری2025کو فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ میں فائر مین اورفائر مین ڈرائیوروں کے انتخاب کے عمل میں کی گئی بے ضابطگیاں کے سلسلے میں ڈیپارٹمنٹل ریکروٹمنٹ بورڈ کے ممبران، بشمول چیئرمین، ٹیکنیکل کمیٹی کے ممبران، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے افسران وملازمین ، جو بھرتی کے عمل سے وابستہ رہے،M/S-LMES IT LLPاپنے اہم پارٹنر مہاراج کرشن والی کے ذریعے، فائدہ اٹھانے والوں کیخلاف ایف آئی آر نمبر01/2027کے تحت کیس درج کیا۔اسی طرح سے تھانہ سنٹرل اینٹی کورپشن بیورونے19فروری2025کو سرکاری عہدے کا غلط استعمال کرنے کی پاداش میں بھارت بھوشن شرما، اس وقت کے منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے کوآپریٹو ہاؤسنگ کارپوریشن اور دیگران کیخلاف ایف آئی آر نمبر02/2025کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ادھر پولیس اسٹیشن اے سی بی جموں نے 13فروری2025کوسدرشن کھجوریا پٹواری حلقہ خان پورتحصیل مرہین کٹھوعہ کیخلاف شکایت کنندہ سے مبلع 15ہزار روپے بطور رشوت طلب اورقبول کرنے کی پاداش میں ایف آئی آر نمبر 01/2025درج کیا جبکہ پولیس اسٹیشن اے سی بی جموں نے ایک اور کارروائی میں 11اپریل2025کوسرکاری عہدے کا غلط استعمال کرنے کی پاداش میں برج بھوشن شرما، اس وقت کے ایم ڈی، جے اینڈ کے کوآپریٹو ہاؤسنگ کارپوریشن لمیٹڈ، سیوا رام پھر انچارج اکاؤنٹس سیکشن جے اینڈ کے کوآپریٹو ہاؤسنگ کارپوریشن لمیٹڈ، بھارت بھوشن اسوقت کے ایم ڈی جے اینڈ کے کوآپریٹو ہاؤسنگ کارپوریشن لمیٹڈ ہواوردیگران کیخلاف ایف آئی آر نمبر 02/2025کے تحت کیس درج کیا۔ادھر پولیس اسٹیشن اے سی بی راجوری نے 3اپریل 2025کوغیر متناسب اثاثے ہونے پر دربار چودھری، سابق سرپنچ دھنور گورسیاں راجوری اور سابق بی ڈی سی چیئرمین، بلاک راجوری کیخلاف ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 01/2025درج کیا۔ قابل ذکر ہے کہ سال 2024میں انسداد کورپشن بیورئو جموں وکشمیرنے ایسے ہی معاملات میں 87سینئر سرکاری اہلکاروں اور چھوٹے ملازمین کیخلاف کیس درج کئے تھے ،جن میں 42کیس جموں ڈویژن اور45کیس کشمیر صوبے میںدرج کئے گئے۔انسداد کورپشن بیورئو جموں وکشمیر کی نگرانی میںان سبھی 99کورپشن کیسوںکی تحقیقات جاری ہے۔