محمد تسکین
کملہ ترگام ، بانہال // ضلع رام بن کے دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں قائم سینکڑوں سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی اور سکول عمارتوں کی خستہ حالی نے تعلیمی نظام کو شدید متاثر کیا ہوا ہے اور بنیادی ڈھانچے اور تعلیمی وسائل کی اس کمی کے باعث غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کی تعلیم پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ایسی صورتحال میں سب ڈویژن بانہال کی تحصیل کھڑی کے پہاڑی علاقوں میں قائم دینی مدارس ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور یہاں سے سینکڑوں کی تعداد میں بچے تعلیم و تربیت کے نور سے منور ہو رہے ہیں ۔ یہ مدارس نہ صرف مذہبی تعلیم فراہم کرتے ہیں بلکہ عام دنیاوی مضامین بھی بچوں کو پڑھا رہے ہیں تاکہ وہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم حاصل کر سکیں۔ان ہی دینی اداروں میں سے ایک ادارہ جامعہ خادم الاسلام کملہ ترگام تحصیل کھڑی ہے، جو ایک دور افتادہ پہاڑی علاقے پر قائم ہے اور ایک درجن سے زائد دیہات کے مقامی بچوں کے علاؤہ یہاں ضلع رام بن کے دیگر علاقوں سے بھی بچے زیر تعلیم ہیں ۔ دارلعلوم خادم الاسلام کملہ ترگام میں زیر تعلیم طلبہ کو قرآن و حدیث کی تعلیم کے ساتھ ساتھ انگلش میڈیم میں عام مضامین جیسے انگریزی، اُردو ، سائنس، تاریخ اور حساب کے مضامین بھی پڑھائے جاتے ہیں۔ اس ادارے کی ایک شاخ پبلک سکول ترگام کے نام سے چل رہی ہے، جو بچوں کو معیاری دنیاوی تعلیم دے رہے ہیں اور اس کیلئے مقامی پڑھے لکھے نوجوانوں کو بطور ٹیچر تعینات کیا گیا ہے ۔جامعہ خادم الاسلام کملہ ترگام میں لڑکیوں کے لیے بھی الگ سے شعبۂ بنات قائم کیا گیا ہے جہاں طالبات مختلف دینی مضامین میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ یہ اقدام علاقے میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں لڑکیوں کے لیے تعلیمی سہولیات محدود ہیں اور سرکاری سکولوں کا نظام مختلف وجوہات کی بنا پر اثر انداز ہے۔ علاوہ ازیں اس مدرسے میں عوامی تعاون سے یتیم اور غریب بچوں کے لیے رہائش، کھانا، لباس اور دیگر بنیادی ضروریات کا مفت اور معیاری انتظام رکھا گیا ہےتاکہ وہ مالی مشکلات کے باوجود تعلیم جاری رکھ سکیں۔ مہتمم مدرسہ مولوی عبد العزیز پاچھو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ مدرسہ پچھلے قریب بائیس برسوں سے اس وسیع و عریض مگر پسماندہ علاقے کے بچوں کو تعلیم و تربیت فراہم کر رہا ہے اور اب تک یہاں سے سینکڑوں بچے علم کے نور سے منور ہوکر فارغ ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم خادم الاسلام کملہ ترگام کے تینوں شعبوں میں ایک سو کے قریب بچے زیر تعلیم ہیں جن میں سے دو درجن بچوں کا قیام و طعام کا انتظام مدرسہ کے ہی ذمہ ہے۔