سرینگر// بٹہ مالو جنرل بس اسٹینڈ کو منتقل کرنے کے خلاف دکانداروں اور ٹرانسپوٹروں کی طرف سے سیکریٹریٹ گھیرائو کے دوران پولیس کارروائی کی زبردست الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاربس اسٹینڈ کو منتقل کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے نائب صدر منظور احمد بٹ نے بٹہ مالو بس اڈہ کو پارمپورہ منتقل کرنے کے منصوبے پر نظر ثانی اور ویسٹرن بس اڈے کو بٹہ مالو میں ہیں رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بس اڈے کو پارم پورہ منتقل کیا گیا تو اس سے مریضوں، طلبہ و طالبات اور خواتین غرض ہر طرح کے مسافروں کو سخت دقتوں کا سامنا کرنا پڑے گا اور اس فیصلے سے لاکھوں لوگ بُری طرح سے متاثر ہونگے جبکہ پانچ ہزار کے قر یب دکاندار بے روز گار ہو جا ئیں گے۔اس دوران کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری بشیر احمد کنگپوش،دین محمد متو اور دیگر عہدیداروں ان تھانوں کا دورہ کیا جہاں پر دکانداروں اور ٹرانسپوٹروں کو بند رکھا گیا تھا۔