سرینگر // ریاستی سرکار دور دراز علاقوں کی تعمیر وترقی اور دیگر مسائل کو حل کرنے کیلئے وعدہ بند ہے ۔ان خیالات کا اظہار ممبر اسمبلی کرناہ ایڈوکیٹ راجہ منظور نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کے دوران کیا۔راجہ منظور کے مطابق انہوں نے وزیراعلیٰ کو علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو کرناہ میں نبارڈ اور سی آر ایف پروجیکٹوں کی منظوری ، کیرن سڑک کو توسیع دینے ،سرحدی علاقوں کیلئے آگ بجھانے والی چھوٹی گاڑیاں فراہم کرنے اورکرناہ کی اندروانی سڑکوں کی مرمت جیسے معاملات سے آگاہ کیا ۔ممبر اسمبلی نے کہا کہ ملاقات کے دوران باڈرٹورازم کے تحت ٹیٹوال میں بنائے جا رہے ریسٹ ہائوس کا سنگ بنیاد ڈالنے پر زور دیا ۔راجہ منظور نے کہا کہ انہوں نے لونٹھا کے مقام پر کھیل کے میدان کی تعمیر کا معاملہ بھی وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لایا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد اس کھیل کے میدان کی تعمیر کیلئے زمین دینے والوں کو معاوضہ فراہم کیا جائے گا ۔راجہ منظور نے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ نے انہیں یقین دلایا کہ سرکار سرحدی اور دوردراز علاقوں کی تعمیر وترقی کی وعدہ بند ہے اور کرناہ کے مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے ہر ممکن اقدمات کئے جارہے ہیں ۔