سرنکوٹ// سب ضلع سرنکوٹ میں تمام تعمیراتی ایجنسیاں خواب غفلت میں میں مبتلا ہو چکی ہیں جبکہ سب ڈویژن کی اکثر رابطہ سڑکیں لوگوں کیلئے مصیبت کا باعث بن گئی ہیں ۔ان رابطہ سڑکوں کے کھڈوں میں جمع پانی اور خشک موسم میں اٹھنے والی دھول عام لوگوں ،مسافروں و ٹرانسپورٹروں کیساتھ ساتھ مویشیوں کی زندگی کیلئے بھی انتہائی نقصاندہ ثابت ہو رہی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیر ات عامہ ،محکمہ پی ایم جی ایس وائی و دیگر تعمیر اتی ایجنسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن کے مختلف دیہات میں سڑکوں کے نام پر زمینوں کی کٹائی کرنے کے بعد یوں ہی چھو ڑدی گئی ہیں جبکہ ان کٹائی شدہ سڑکوں پر جہاں کئی کھڈے پڑے ہوئے ہیں وہائیں ملحقہ علاقوں کا پانی لوگوں کی زمینوں اور رہائشی گھروں کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ بلاک بفلیاز ،پوشانہ ،درابہ ،سنئی دھندک ،مڑہوٹ ،شیندرہ ودیگر علاقوں میں تعمیر کردہ سڑکیں گزشتہ کئی عرصہ سے کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہیں لیکن تعمیر اتی ایجنسیاں نہ تو ان سڑکوں پر مکمل کررہی ہیں او ر نہ ہی ان کے کھڈوں پر بھرنے کیلئے زمینی سطح پر کوئی عملی کام کیا جارہا ہے ۔ٹرانسپورٹروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تعمیراتی ایجنسیوں و ضلع انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے رابطہ سڑکوں پر گاڑیوں کا چلنا انتہائی مشکل بن چکا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تعمیراتی ایجنسیوں کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ خستہ حال رابطہ سڑکیں قابل آمد ورفت بنائی جاسکیں ۔