سرنکوٹ//تحصیل سرنکوٹ کی وارڈ نمبر 13محلہ بیلہ کے لوگوں کو بجلی فراہم کرنے کے لئے لگایا گیا ٹرانسفارمر ایک ماہ سے بھی زیادہ عرصہ سے خراب پڑاہے جس کی مرمت کرکے دوبارہ بجلی سپلائی بحال نہیں کی گئی ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ اگرچہ اس ٹرانسفارمر کو ٹھیک بھی کرایاگیالیکن یہ چند گھنٹے بعد ہی پھر سے جل گیا اور پھرا س کی طرف مڑ کر کسی نے دیکھا بھی نہیں۔ان کاکہناہے کہ وہ ایک ماہ سے گھپ اندھیرے میں ہیںاور امتحانات کے دنوں میں ان کے بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔ مقامی شہریوںمحمد افضل، لعل محمد خان، روشن دین، عبدالقیوم اور عبدالمجید نے محکمہ بجلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ ملازمین نے ٹرانسفامر کی مرمت کے دوران اس میں غیر معیاری پرزوں کا استعمال کیا جس کی وجہ سے چند ہی گھنٹوں میں ہی یہ جل گیا۔انہوں نے سب ڈیویژنل مجسٹریٹ سرنکوٹ ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں محکمہ کے اعلیٰ افسران کو ہدایت کریں کہ وہ اس کی جگہ نیا ٹرانسفارمر نصب کر کے محلہ کے لوگوں کو بجلی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی عدم دستیابی کی وجہ سے ان کے بچوں کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے ۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر جلد ازجلد ٹرانسفامر ٹھیک کر کے وہاں بجلی بحال نہ کی گئی تو وہ احتجاج کرنے کیلئے مجبور ہوجائیںگے ۔