محتشم احتشام
سرنکوٹ// میونسپلٹی سرنکوٹ کی مسلسل لاپرواہی اور صفائی عملے کی غیرحاضری کے سبب وارڈ نمبر 12 اقبال نگر کے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں پچھلے کئی دنوں سے صفائی کا کوئی نام و نشان نہیں، نالیاں بند پڑی ہیں اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں، جس کے باعث پورے محلے میں بدبو اور تعفن پھیل گیا ہے۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ میونسپلٹی کے اہلکاروں کو بارہا درخواستیں دینے کے باوجود صفائی کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا۔ نالیوں کے بند ہونے سے گندا پانی سڑکوں پر جمع ہو رہا ہے جس سے آمدورفت میں بھی دشواری پیش آ رہی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گندگی اور بدبو کے باعث علاقے میں بچوں اور بزرگوں میں مختلف بیماریاں پھیلنے لگی ہیں، مگر میونسپلٹی انتظامیہ نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی۔ایک مقامی شہری محمد شکیل نے بتایا، ‘‘ہم روزانہ میونسپلٹی کے دفتر جا کر شکایت درج کراتے ہیں، لیکن کوئی سنتا ہی نہیں۔ صفائی عملہ شاید کبھی کبھار آتا ہے، وہ بھی صرف رسمی طور پر جھاڑو لگا کر چلا جاتا ہے۔اہلِ علاقہ نے تحصیل انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر صفائی مہم شروع کی جائے، نالیوں کی صفائی کروائی جائے اور لاپرواہی برتنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو اس بدبو دار اور غیر صحت مند ماحول سے نجات مل سکے۔علاقہ مکینوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ میونسپلٹی کے کام کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے اور مستقل بنیادوں پر صفائی عملہ تعینات کیا جائے تاکہ آئندہ اس طرح کی صورتحال پیدا نہ ہو۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر متعلقہ محکمے نے جلد کارروائی نہ کی تو وہ احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔