سید اعجاز+سمیت بھارگو
ترال+راجوری//ترال کے صوفی گنڈ ستورہ آری پل گائوں سے تعلق رکھنے والے ایک فوجی اہلکار پر ملی ٹینٹوں نے گولی اں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا۔پولیس نے اس کی شناخت دلیر مشتاق ولد مشتاق احمد صوفی ساکن صوفی گنڈ ستورہ آری پل کے طور کی ہے جو چھٹی پر گھر آیا ہوا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ وہ ٹریٹوریل آرمی میں کام کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بدھ کی شام ملی ٹینٹ ان کے گھر میں داخل ہوئے اور مذکورہ اہلکار کی ٹانگ پر گولی چلائی جس کے نتیجے میں زخمی ہوا ۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پرترال ہسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں اسکی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔واقعہ کے فوراً بعد فورسز اور پولیس نے علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ادھر داچھی گام کے اوپری علاقے، جو ترال سے ملتا ہے، میں ایک تصادم میں لشکر طیبہ کے ایک ملی ٹینٹ جنید احمد بٹ کے مارے جانے کے ایک دن بعد بدھ کو داچھی گام کے جنگل میں سیکورٹی فورسز نے دوسرے روز بھی تلاش جاری رکھی۔حکام نے بتایاکہ سیکورٹی فورسز نے منگل کی رات ان کی تلاش روک دی لیکن علاقے میں سخت محاصرہ برقرار رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ داچھی گام کے وسیع پہاڑی اور جنگلاتی علاقے میںملی ٹینٹوں کی تلاش کا سلسلہ صبح دوبارہ شروع ہوا۔ تلاشی مہم بدھ کو بھی جاری رہی اور سیکورٹی فورسز علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی لے رہے ہیں”۔لشکر طیبہ کا جنید احمد بٹ 20 اکتوبر کو گاندربل کے علاقے گگن گیر میں ایک سرنگ کی تعمیر کے مقام کے قریب ہونے والے حملے میں ملوث تھا جس میں ایک مقامی ڈاکٹر اور چھ غیر مقامی مزدور مارے گئے تھے۔
پونچھ
ملی ٹینٹوں نے بدھ کی علی الصبح پونچھ ضلع میں ایک فوجی چوکی پر دو گرینیڈ پھینکے۔حکام نے بتایاکہ دستی بموں میں سے صرف ایک دھماکہ ہوا۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ملی ٹینٹوں نے سرنکوٹ کے علاقے میں آرمی کیمپ کے پیچھے ایک آرمی چوکی پر دو گرینیڈ پھینکے۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے ایک پھٹ گیا، دوسرا نہیں پھٹا اور بعد میں ماہرین نے تلاشی کارروائی کے دوران اسے ناکارہ بنا دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پھٹنے والے گرینیڈ کا سیفٹی پن آرمی کیمپ کی دیوار کے قریب سے ملا ۔حکام نے بتایا کہ فوج اور پولیس نے علاقے میںملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی ہے، جو حملے کے بعد فرار ہو گئے۔