سمت بھارگو
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے سب ڈویژن سرنکوٹ میں سیکورٹی فورسز نے انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران ہینڈ گرینیڈ، گولیاں اور دیگر قابل اعتراض اشیاء برآمد کی ہیں۔ یہ کارروائی ضلع کے مڑھ علاقے میں انجام دی گئی ہے جو کہ بہرام گلہ کے نزدیک واقع ہے۔ذرائع کے مطابق، جموں و کشمیر پولیس، اسپیشل آپریشن گروپ (SOG) اور بھارتی فوج کی رومیو فورس کی مشترکہ ٹیموں نے سرنکوٹ کے مڑھ گاؤں میں مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاع ملنے پر ایک بڑا آپریشن شروع کیا۔ تلاشی کے دوران ٹیموں کو تین ہینڈ گرینیڈ، بیس کارتوس (گولیاں)، وائر کٹر، چاقو، چارجر کیبلز، اور بیٹریاں برآمد ہوئیں۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ برآمدگی دہشت گردانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی جانب اشارہ کرتی ہے اور برآمد کئے گئے مواد کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ اس کے ممکنہ استعمال یا مقاصد کا پتہ لگایا جا سکے۔آپریشن کے حوالے سے اعلیٰ افسران کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی مخصوص انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر انجام دی گئی اور اس سے علاقے میں ممکنہ خطرے کو ٹالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں سرچ آپریشن ابھی بھی جاری ہے اور امکان ہے کہ مزید اہم انکشافات ہو سکتے ہیں۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران کچھ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کی بھی اطلاعات تھیں تاہم اب تک کسی کی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔واضح رہے کہ پونچھ اور راجوری اضلاع گزشتہ کچھ عرصے سے دہشت گردانہ سرگرمیوں کا مرکز بنے ہوئے ہیں، جہاں سیکورٹی فورسز مختلف مقامات پر آپریشنز انجام دے رہی ہیں تاکہ امن و امان قائم رکھا جا سکے۔سیکورٹی ایجنسیوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا سیکورٹی فورسز کو دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔