حسین محتشم
پونچھ// زونل ایجوکیشن آفیسر سرنکوٹ کی سبکدوشی کے بعد اب تک ان کی اسامی مسلسل خالی ہے جس کی وجہ سے تعلیمی زون سرنکوٹ کے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف کے کام دھرے کے دھرے رہ جاتے ہیں اور زونل ایجوکیشن افیسر کی خالی اسامی کی وجہ سے تمام نظام متاثر ہے۔زونل صدر ٹیچر اینڈ ایکشن کمیٹی سول کورٹ یوسف شاہ کی قیادت میں اساتذہ نے ایک پریس کانفرنس منعقد کی جہاں انھوں نے اساتذہ کو درپیش مسائل حل کرنے کا محکمہ کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا۔انھوں نے بتایا کہ اساتذہ کی طرف سے چیف ایجوکیشن افسر تک پہنچائی گئی فریاد کے باوجود محکمہ تعلیم نے اب تک یہاں کسی بھی افسر کو ڈی ڈی او کی اتھارٹی نہیں دی ہے اور سرنکوٹ زون میں زونل ایجوکیشن آفیسر کی اسامی خالی ہے جس کی وجہ سے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف کے روزمرہ کے ضروری کام کاج بری طرح سے متاثر ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف زونوں میں زونل افسروں اور ڈی ڈی اوز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی لیکن سرنکوٹ زون ابھی تک زونل افسر سے محروم ہے۔ انھو ں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں کئی سینئر لیکچراروں یا ماسٹر ہیں جن کو زونل افسر یا ڈی ڈی او کے طور تعینات کیا جاسکتا ہے تاکہ اساتذہ کو راحت ملے۔
سرنکوٹ میں زونل ایجوکیشن آفیسر کی اسامی خالی
