سرنکوٹ //سرنکوٹ میں اراضی تنازعے پر 65سال کی ایک بزرگ خاتون کا قتل کردیاگیاہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک خاتون اور اس کے شوہرکوگرفتار کرلیاہے جبکہ دیگر تین ملزمان فرار ہیں ۔یہ دل دہلادینے والا واقعہ پمروٹ گائوںکے چرالاںمحلہ میں پیش آیاہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق محمد صادق اور اس کی زوجہ زبیدہ بیگم اراضی پر کچھ تعمیری کام کررہے تھے جس دوران اس اراضی پر اپنا حق جتلانے والے مخالف گروپ نے ان پر حملہ کردیا۔ذرائع نے بتایاکہ اس دوران مخالف گروپ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے 65سالہ زبیدہ بیگم کے سر پر کلہاڑی سے وار کیا جس کی وجہ سے اس کی ہلاکت واقع ہوگئی ۔پولیس نے قتل کے الزام میں اللہ دتا ،شاہ بانو زوجہ اللہ دتا عمر65سال ،محمد رزاق ولد اللہ دتاعمر45سال ،محمد ریاض عمر 35سال اورمحمد عزیز عمر 30سال کے خلاف پولیس تھانہ سرنکوٹ میں کیس درج کیاہے جبکہ ابھی تک اللہ دتا اور اس کی زوجہ شاہ بانو کو گرفتار بھی کرلیاگیاہے اور دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے جو موقعہ سے فرار کرگئے ۔وہیں بزرگ خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کیاگیاہے ۔پولیس تھانہ سرنکوٹ کے ایک افسر نے بتایاکہ اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر41زیر دفعہ 302کا کیس درج کیاگیاہے ۔