عشرت حسین بٹ
سرنکوٹ //سرنکوٹ میں منگل کے روز ممبر اسمبلی سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم اور ڈی ڈی سی ممبر سرنکوٹ بی سہیل ملک نے جموں و کشمیر بینک سے سید پیر فاضل شاہ زیارت تک تین کلو میٹر لمبی سڑک کی تعمیراتی کام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر علاقہ کے متعدد معزز شہری، مقامی نمائندے اور عوام بڑی تعداد میں موجود تھے۔تقریب کے دوران چوہدری محمد اکرم نے کہا کہ علاقے کی تعمیر و ترقی ان کی اولین ترجیح ہے، اور عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے وہ ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو آمد و رفت میں آسانی ہوگی بلکہ زیارت پر آنے والے زائرین کو بھی بڑی راحت ملے گی۔ڈی ڈی سی ممبر سہیل ملک نے کہا کہ یہ سڑک عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، جسے اب پورا کر کے سرنکوٹ کے لوگوں کو ایک بڑا تحفہ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے منظور شدہ ترقیاتی منصوبے مرحلہ وار مکمل کئے جائیں گے تاکہ بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے۔مقامی لوگوں نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے دونوں عوامی نمائندوں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے ترقیاتی کام سرنکوٹ کے دیگر علاقوں میں بھی انجام دئیے جائیں گے۔