عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//پونچھ ضلع کے سرنکوٹ علاقے میں اتوار کی صبح ایک بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سرنکوٹ۔بفلیاز روڈ پر ٹریفک کی نقل و حرکت مکمل طور پر معطل ہو گئی۔ یہ سڑک نہ صرف سرنکوٹ قصبے کو بفلیاز اور مغل روڈ سے جوڑتی ہے بلکہ اسے راجوری۔تھنہ منڈی۔سرنکوٹ بین الاضلاعی روڈ بھی کہا جاتا ہے جو راجوری اور پونچھ اضلاع کے درمیان ایک اہم رابطہ فراہم کرتی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق درابہ کے مقام پر اچانک پہاڑی سے بھاری ملبہ گرنے سے سڑک بند ہوگئی جس کے نتیجے میں دونوں طرف گاڑیاں پھنس گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خاص طور پر وہ گاڑیاں جو پونچھ اور راجوری کے درمیان سفر کر رہی تھیں، کئی گھنٹوں تک وہیں رکی رہیں۔اطلاع ملنے کے بعد انتظامیہ اور متعلقہ محکموں نے کلیئرنس کا کام شروع کر دیا۔ اگرچہ ملبہ ہٹانے کی کارروائی فوری طور پر شروع ہوئی تاہم سڑک کئی گھنٹوں تک مکمل طور پر بند رہی اور آمدورفت متاثر رہی۔مقامی لوگوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث اس طرح کے واقعات آئے روز پیش آ رہے ہیں اور سڑک کے دونوں اضلاع کو جوڑنے کی اہمیت کے پیش نظر لینڈ سلائیڈنگ سے بچاؤ کے لئے مستقل اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ برسات کے موسم میں پہاڑی سڑکوں پر سفر کرتے وقت احتیاط برتیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔