زاہد بشیر
گول//مسال موسم خزاں میں سب سے کم بارشیں اور برف باری ہوئی اگر دیکھا جائے تو جموں وکشمیر میں سب سے کم بارشیں و برف باری خطہ چناب کے گول گلاب گڑھ میں ہوئیں جہاں ماضی میں سب سے زیادہ بارشیں ہوا کرتی تھیں لیکن امسال 27دسمبر میں تھوڑی سی برف باری اور بارش کے بعد آج 40دن میں ایک بوند بھی بارش یا برف باری نہیں ہوئی جس وجہ سے گول سب ڈویژن کے ساتھ ساتھ مہور سب ڈویژن ضلع ریاسی میں پانی کے اکثر چشمے سوکھ گئے ہیں جس وجہ سے چار سو پانی کی شدید قلت پائی جا رہی ہے ۔ دسمبر ، جنوری اور فروری میں گول و ملحقہ میں شدید بارشوں کے ساتھ ساتھ برف باری ہوتی تھی اور اس دوران گول کی پہاڑیاں سفید پوش ہوتی تھیں ۔ جو پہاڑیاں آج برف و بارشوں کے لئے ترس رہی ہیں آج کل کے موسم میں گول کے سرکنٹھہ ، تھانی ،و دوسری پہاڑوں پر دو میٹر تک برف جمع ہوتی تھی ۔ بزرگوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کا موسم وہ بھی اپنی زندگی میں پہلی بار دیکھ رہے ہیں اور کئی سالوں سے آہستہ آہستہ برف کم گرنا، بارشیں کم ہونا زور پکڑتا جا رہا ہے اور آنے والے وقت میں اس سے زیادہ موسم خراب ہو گا اور پانی کی قحط سالی کے بھی امکانات ہیں ۔وہیں زمینداروں میں بھی یہ تشویش پائی جا رہی ہے کہ آنے والے وقت میں پانی نہ ہونے کے سبب زمینداری کرنا نہ مشکل ہے بلکہ نا ممکن ہے بالخصوص دھان کی کھیتی کرنے والوں لوگوں کے لئے یہ خطرے کی گھنٹی بج رہی ہے اور وہ بھی اب دھان کو چھوڑ کر دوسرے فصلات اگانے کا سوچ رہے ہیں ۔ گول میں شدید خشک سالی کے پیش نظر آج گول کے مرکزی عید گاہ میں نماز استسقاء کا اہتمام کیا گیا جہاں پر بھاری تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اس موقعہ پر اللہ تعالیٰ سے گڑگڑا کر معافی مانگی گئی اور بالخصوص برف باری و بارشوں کے لئے دعا مانگی گئی ۔