یواین آئی
ممبئی//جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہونے والی بہیمانہ کارروائی کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ جیسی صورتحال سے مایوس سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئر مارکیٹ میں کی جا رہی فروخت سے پچھلے دو دنوں میں سرمایہ کاروں کے سات لاکھ کروڑ روپے سے زائد ڈوب گئے ہیں۔سات مئی کو ملک کے اہم شیئر مارکیٹ بی ایس ای کا مارکیٹ کیپیٹلائزیشن 42350633.78 کروڑ روپے تھا جو جمعرات کو ہونے والی فروخت کے دباؤ میں کم ہوکر 41850596.04 کروڑ روپے پر آ گیا تھا اور جمعہ کو یہ گراوٹ کے ساتھ 41640850.46 کروڑ روپے پر آ گیا۔ اس طرح سرمایہ کاروں کے 709783.32 کروڑ روپے ڈوب گئے ۔جمعرات کو محتاط سرمایہ کاروں کی جانب سے مقامی سطح پر کی گئی چاروں طرف فروخت سے شیئر مارکیٹ لگاتار تیسرے دن گر کر بند ہوا۔ بی ایس ای کا 30 شیئروں پر مشتمل حساس اشاریہ سینسیکس 411.97 پوائنٹس یعنی 0.51 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 80,334.81 پوائنٹس اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نِفٹی 140.60 پوائنٹس یعنی 0.58 فیصد لڑھک کر 24273.80 پوائنٹس پر آ گیا تھا۔