سرینگر// محاذآزادی کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی نے کہا ہے کہ بھارتی سیاستدانوں اور مفکروں کو چاہئے کہ وہ اپنے کروڈوں لوگوں کے ساتھ ساتھ پورے برصغیر کو تباہی سے بچانے کی کوششوں میں سرعت لائیں کیونکہ کچھ سرمایہ دارانہ قوتیں اس خطہ میں جنگ اور افراتفری کا ماحول پیدا کرکے اپنے عوام اور حکومت کو راحت کا سامان فراہم کررہے ہیں۔محاذکے ترجمان محمد یوسف گلکار کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس موقعہ پر صدر سید الطاف اندرابی نے کہا کہ کشمیری عوام کے غصب شدہ حقوق اور کثیرفوجی دباو و تشدد کے باعث اب عیدکی خوشیاں تو دور انفرادی اور اجتماعی مسرتوں سے بھی بے بہرہ ہو چکے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہندو پاک کشیدگی کی وجہ سے اس خطہ میں موجود ہرفرد تشویش اور تذبذب کے گہرے تناومیں مبتلا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہندو پاک کے لوگ بھی عید اور دیوالی کو تحفظات اور تناو بھرے حالات میں گزاررہے ہیں۔ الطاف اندرابی نے کہاکہ دونوں ممالک کے سیاستدانوں اور دانشوروں کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیرکو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی پرخلوص کوشش کریں تاکہ برصغیر کے عوام کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کوبھی چین و سکون میسر ہو۔